نئی دہلی: صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو کیتھولک عیسائی برادری کے مذہبی رہنما پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے آج ویٹیکن سٹی جائیں گی۔
وزارت خارجہ کے مطابق صدر محترمہ دروپدی مرمو آنجہانی پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے 25-26 اپریل کو ویٹیکن سٹی جائیں گی اور حکومت ہند اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گی۔پوپ فرانسس کے انتقال پر ہندوستان نے تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔
صدر جمہوریہ آج ویٹیکن سٹی میں سینٹ پیٹرس بیسیلیکا میں پھولوں کی چادر چڑھا کر پوپ فرانسس کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور 26 اپریل بروز ہفتہ صدر جمہوریہ ویٹیکن سٹی کے سینٹ پیٹرس اسکوائر پر پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کریں گی جس میں دنیا بھر سے معززین شامل ہوں گے۔
پوپ فرانسس کا انتقال 21 اپریل کو ہوا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی عوام کے تئیں ان کا پیار ہمیشہ برقرار رہے گا۔
امور خارجہ اور ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر مملکت کیرتی وردھن سنگھ نے تعزیتی کتابچہ پر دستخط کرنے کے لیے 22 اپریل کو نئی دہلی میں امبیسی آف ہولی سی کا دورہ کیا۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ پوپ فرانسس کو دنیا بھر کے لاکھوں لوگ ہمدردی، انکساری اور روحانی حوصلہ کی علامت کے طور پر یاد رکھیں گے۔