جموں: فوج، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کو یہاں اودھم پور انکائونٹر میں جاں بحق ہونے والے والے حوالدار جھنتو علی شیخ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔6 پیرا کے سپیشل فورس سے وابستہ جھنتو علی شیخ گذشتہ روز اودھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں انکائونٹر کے دوران زخمی ہوگئے تاہم بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔
حکام نے بتایا کہ جموں کے 166 ملٹری ہسپتال میں جمعہ کی صبح جنھتو علی کی میت پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منعقد ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب کے بعد ان کی میت کو ان کے آبائی وطن مغربی بنگال کے نادیہ ضلع کے پاتھر گھاٹہ گاؤں میں تدفین کے لیے روانہ کر دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ وائٹ نائٹ کور کے چیف آف سٹاف میجر جنرل شیلندر سنگھ کی قیادت میں فوج، پولیس، سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور بارڈر سیکورٹی فورس کے اعلیٰ حکام نے جھنتو علی کی میت پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں سلام پیش کیا۔