جموں: جموں میں منگل کے روز ایک انتہائی مطلوب مجرم پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی میں ہلاک ہوگیا، جبکہ چار پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، ہلاک ہونے والے مجرم کی شناخت مشتاق علی عرف راج علی عرف بچو ڈان کے طور پر ہوئی ہے، جو جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کے روز پنجاب پولیس کی مدد سے مطلوب مجرم کو امرتسر کے بابا بتالہ علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ واپسی کے دوران، ملزم نے راستے میں بیت الخلا جانے کی اجازت طلب کی۔ جیسے ہی پولیس نے اسے گاڑی سے اتارا، اس نے اپنے ساتھی کے ہمراہ اچانک اہلکاروں پر حملہ کر دیا، اسلحہ چھیننے کی کوشش کی اور فرار ہونے لگا۔ اس دوران ہاتھا پائی میں مشتاق علی سڑک پر گر کر بری طرح زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی حالت میں مشتاق علی کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ جھڑپ میں زخمی ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کو بھی ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے۔
پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے بشناہ پولیس اسٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جموں کے ضلع مجسٹریٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متوفی کی پوسٹ مارٹم کے لیے ڈاکٹروں کا خصوصی بورڈ تشکیل دیں تاکہ واقعے کی تمام قانونی پہلوؤں سے جانچ ہو سکے۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ تمام ضروری قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔