جموں: مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے منگل کے روز کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں شدید بارشوں، طوفانی ہواؤں اور بادل پھٹنے کے بعد شروع کی گئی راحتی کارروائیاں زور و شور سے جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ مشکل ترین حالات کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کل یعنی بدھ کے روز سری نگر جموں قومی شاہراہ پر جزوی طورپر ٹریفک کی بحالی کا امکان ہے۔
ڈاکٹر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا،’راحت رسانی کا کام پوری رفتار کے ساتھ جاری ہے۔ انتظامیہ انتہائی مشکل حالات کے باوجود بہتر کام کر رہی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بصیر چودھری خود متاثرہ علاقوں میں خیمہ زن ہیں اور صورتحال پر براہ راست نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ رام بن ضلع میں بجلی اور پانی کی فراہمی کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
مرکزی وزیر کے مطابق، ’ضلع میں کل 1762 ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز میں سے 1486 کی مرمت مکمل ہو چکی ہے اور باقی 286 ٹرانسفارمرز پر کام جاری ہے۔ اسی طرح، 98 واٹر سپلائی اسکیمز میں سے 89 کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جبکہ 9 اسکیموں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ قومی شاہراہ کی مکمل بحالی میں وقت لگ سکتا ہے، تاہم اس کی جزوی بحالی کل تک ممکن ہے تاکہ ٹریفک کا کم از کم بہاؤ شروع کیا جا سکے۔مرکزی وزیر نے اعلان کیا کہ وہ کل رامبن کے ضلعی ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے تاکہ انتظامیہ کے ساتھ مزید ضروری اقدامات پر بات چیت کر کے اگلے مرحلے کی حکمت عملی طے کی جا سکے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز رامبن میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی، جس کے بعد سے انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے ریلیف اور بحالی کے عمل میں مصروف ہیں۔دریں اثنا ضلعی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ رام بن میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں ایک درجن کے قریب بستیاں متاثر ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ تین سو کے قریب مکانوں اور دکانوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ چار سو گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں۔ ان کے مطا بق متاثرین کی مدد اور انہیں معاوضہ فراہم کرنے کی خاطر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔