اتوار, اپریل ۲۰, ۲۰۲۵
9.9 C
Srinagar

دلی میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کے لئے بیٹھا رہتا ہے: تنویر صادق

سری نگر:نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ اے ایس دلت کی کتاب کی بڑے پیمانے پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے اس میں جھوٹ بولا گیا۔انہوں نے کہا کہ دلی میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے کے لئے بیٹھا رہتا ہے۔موصوف ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔اے ایس دلت کی کتاب کے بارے میں انہوں نے کہا: ‘اس کتاب کا مقصد یہی تھا کہ کسی طرح سے اس میں جھوٹ لکھو کہ لوگوں میں اس میں دلچسپی پیدا ہوجائے اور لوگ اس میں بھروسہ کر سکیں’۔

ان کا کہنا تھا: ‘جہاں تک اپوزیشن کا تعلق ہے تو ہم پی ڈی پی سے یہی سوال کرتے ہیں کہ جو دلت صاحب کی پہلی کتاب ہے اس میں وہ لکھتے ہیں کہ پی ڈی پی ایل کے اڈوانی، اجیت دول اور ایجنسیوں کی پیداوار ہے تو کیا یہ سچ ہے’۔رکن اسمبلی نے کہا: ‘اس کے علاوہ بہت سی باتیں مرحوم مفتی محمد سعید صاحب کے بارے میں لکھی گئی ہیں ہم ان کو بھی غلط مانتے ہیں اور جو اس کتاب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب کے متعلق باتیں لکھی گئی ہیں ان کو بھی غلط مانتے ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘ڈاکٹر صاحب نے واضح کیا کہ یہ سب غلط ہے ایسا کتاب کی بکری کے لئے کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ ایک جسٹس نے بھی اس کتاب کی رسم رونمائی کی تقریب میں حصہ لینے سے انکار کیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘لوگوں کو یہ بات جان لینی چاہئے کہ دلی میں نیشنل کانفرنس کو کمزور کرنے اور لوگوں میں کنفیوژن پیدا کرنے کے لئے کوئی نہ کوئی ہمیشہ بیٹھا رہتا ہے اور یہ کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے’۔عدالت عظمیٰ میں وقف بل کے خلاف دائر عرضی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘امید ہے کہ عدالت عظمیٰ ہماری عرضی کو سن کر وقف کے حق میں فیصلہ دے گی’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img