اتوار, اپریل ۲۰, ۲۰۲۵
9.9 C
Srinagar

کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری، کچھ اہم سڑکیں بند

سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے جس سے وادی میں معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران موسم کی یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے۔ادھر موسلا دھار بارشوں سے جہاں وادی کے کئی نشیبی علاقوں میں سڑکیں زیر آب ہیں جس نے لوگوں کے عبور و مرور کو از بس مشکل کر دیا ہے وہیں برف باری کی وجہ سے مغل روڈ، لیہہ شاہراہ، سنتھن روڈ، گریز- بانڈی پورہ روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل معطل ہے۔

خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر حکام نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے تلیل اور گریز علاقوں کے اسکولوں میں ہفتے کو کلاس ورک معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔حکمنامے کے مطابق تلیل تحصیل میں 8 ویں جماعت تک جبکہ گریز تحصیل میں 5 ویں جماعت تک کلاس ورک معطل کر دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 18.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں اس دوران 35.2 ملی میٹر جبکہ کوکرناگ میں 33.2 ملی میٹر ابرش ریکارڈ ہوئی ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 20.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں27.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق تلیل، گریز، راز دان پاس، زوجیلا کے علاوہ بعض پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے۔محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہہیں 50 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وادی کے موسم میں 21 اپریل سے بہتری متوقع ہے اور بعد میں 28 اپریل تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔وادی میں جاری خراب موسمی صورتحال سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ور لوگ ایک بار پھر گرم لباس زیب تک کرنے پر مجبور ہوئے ہیں اور گرمی کے لئے ہیٹروں اور روایتی کانگڑیوں کا بھی دوبارہ استعمال کرنے لگے ہیں۔سیاحتی مقام گلمرگ وادی کی سرد ترین جگہ رہی ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ جموں صوبے میں بھدرواہ سب سے سرد علاقہ رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ہوا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img