ہفتہ, اپریل ۱۹, ۲۰۲۵
20.1 C
Srinagar

کشمیر میں 18 اپریل کی دوپہر سے 20 اپریل تک موسم خراب رہنے کا امکان

سری نگر: محکمہ موسمیات نے ایک فعال مغربی ہوا (ویسٹرن ڈسٹربنس) داخل ہونے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں اگلے دو دنوں کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 18 اپریل کی دوپہر کے بعد وادی میں ایک فعال مغربی ہوا داخل ہوسکتی ہے جس کے اثرات 20 اپریل تک رہ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران 18 اپریل کی دوپہر سے 19 اپریل کی شام تک وادی کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں اور اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چلنے کی توقع ہے اور کہیں کہیں ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 19 اپریل کو کئی مقامات پر موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔محکمے نے کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور کھیتی سے متعلق تمام سرگرمیاں بشمول سپرے کرنے کو اگلے تین دنوں کے لیے معطل کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران بعض علاقوں میں تیز ہوائیں،ژالہ باری ، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) آنے کا بھی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ سو نہ مرگ، گلمرگ، پیر کی گلی،زوجیلا، شوپیاں، بانڈی پورہ، سنتھن ٹاپ، رازدان پاس اور کولگام میں بارشوں کے ساتھ ساتھ برفباری بھی متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا سری نگر- جموں قومی شاہراہ اور دیگر پہاڑی سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہونے کا بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔لوگوں خاص طور پر کسانوں، مسافروں اور پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ حالات کے پیش نظر ضروری اقدامات کریں تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img