سری نگر: جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے پرائیویٹ حج کوٹے میں کمی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے انہوں نے مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سعودی حکومت کے ساتھ اٹھائیں اور اس فیصلے کو واپس لینے کو یقینی بنائیں موصوف صدر نے پیر کے روز ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ہندوستانی عازمین کے لیے حج سلاٹ (نجی حج کوٹہ) میں کمی گہری تشویش کا باعث ہے کیونکہ اس سے ہزاروں تقریباً 40 ہزار سے زیادہ عازمین اس سال مقدس حج کرنے کی سعادت سے محروم ہو جائیں گے’۔انہوں نے کہا: ‘ ان میں سے زیادہ تر عازمین اپنے طویل روحانی سفر کو پورا کرنے کی امید میں پہلے ہی ادائیگی کر چکے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘میں مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے کو سعودی حکومت کے ساتھ اٹھائیں اور اس فیصلے کو واپس لینے کو یقینی بنائیں’۔