سری نگر: شمالی کشمیر کے قصبہ ہندوارہ کے ودھ پورہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک گورنمنٹ ڈگری کالج کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں ایک طالبہ کی موت واقع ہوئی جبکہ 15 دیگر زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہندوارہ کے ودھ پورہ علاقے میں ہفتے کی صبح ایک بس جس میں گورنمنٹ ڈگری کالج سوگام کے طلبا سوار تھے،ایکسکرشن کے لئے پہلگام جا رہی تھی، کہ سڑک پر لڑھک گئی جس کے نتیجے میں ایک طالبہ کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ 16 دیگر زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندوارہ منتقل کیا گیا جہاں تین کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ شدید زخمیوں کو سری نگر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔متوفی طالبہ کی شناخت تبسم مشتاق کے طور پر کی گئی ہے۔دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ کپوارہ آیوشی سودن نے ہسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا: ‘یہ ایک کالج بس تھی جس میں قریب 27 طلبا تھے، جو ایکسکرشن کے لئے جا رہے تھے’۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ایک طالبہ کی موت واقع ہوئی ہے دیگر کئی زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج چل رہا ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جائے گی۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے متوفی طالبہ کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی فوری صحتیابی کی دعا کی۔