جمعہ, اپریل ۱۸, ۲۰۲۵
25.3 C
Srinagar

ملک دشمن سرگرمیوں کی پاداش میں مزید دو ملازمین نوکریوں سے برطرف

سری نگر:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کودو سرکاری ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پولیس محکمہ میں تعینات وائرلیس آپریٹر اور محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) میں تعینات سینئر اسسٹنٹ کو آئین کی دفعہ 311 کے تحت نوکری سے برخاست کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پولیس محکمہ میں تعینات بشارت احمد میرولد غلام محمد میر ساکن اپر برین، سری نگر، اور آر اینڈ بی محکمہ میں تعینات سینئر اسسٹنٹ اشتیاق احمد ملک ولد مرحوم غلام رسول ملک، ساکن لارنو، اننت ناگ، کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں ان کے ملوث ہونے کے ثبوت موصول ہونے کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ بشارت احمد میر کے بارے میں خفیہ ایجنسیوں کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ وہ پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور وہ دشمن کو سیکیورٹی تنصیبات اور فورسز کی تعیناتی کے بارے میں حساس معلومات فراہم کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حساس محکمے میں تعیناتی کی بدولت اسے قومی سلامتی سے متعلق اہم معلومات تک رسائی حاصل تھی، لیکن ایک ذمہ دار پولیس اہلکار ہونے کے بجائے اس نے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہو کر قومی مفادات کو شدید نقصان پہنچایا۔
اس کے اقدامات سے ہندوستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو سنگین خطرہ لاحق ہوا، جس سے قومی سلامتی پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے تھے۔
دوسری جانب، اشتیاق احمد ملک، جو محکمہ تعمیرات عامہ میں تعینات تھا، جماعت اسلامی جموں و کشمیر کا ایک فعال رکن اور کالعدم تنظیم حزب المجاہدین کی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔
ذرائع کے مطابق، وہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے تنظیم کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا تھا۔
اس نے خفیہ طور پر دہشت گردوں کو خوراک، پناہ گاہ اور دیگر رسد فراہم کی، اور جنوبی کشمیر میں ان کی سرگرمیوں کی معاونت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔
مزید برآں، وہ سیکورٹی فورسز کی نقل و حرکت سے متعلق خفیہ معلومات دہشت گردوں تک پہنچاتا تھا، جس کے نتیجے میں کئی مواقع پر فورسز کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img