اتوار, اپریل ۲۰, ۲۰۲۵
9.5 C
Srinagar

عائشہ ٹاکیہ 39 برس کی ہوئیں

ممبئی : ٹارزن: دی ونڈر کار سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی عائشہ ٹاکیہ آج 39 برس کی ہوگئیں۔ عائشہ نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز محض 13 برس کی عمر میں کیا تھا۔ عائشہ ٹاکیہ کی پیدائش 10 اپریل 1986 کو ممبئی میں ایک گجراتی ہندو باپ نشیت ٹاکیہ اور ایک مسلم ماں فریدہ کے ہاں ہوئی تھی۔ عائشہ نے اپنی اسکول کی تعلیم سینٹ انتھونی گرلز ہائی اسکول، چیمبور سے مکمل کی اور اس کے ساتھ ہی بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرنا شروع کردیا۔ پہلی بار عائشہ کو شاہد کپور کے ساتھ مشہور ہیلتھ ڈرنک ’’کمپلان‘‘کے اشتہار میں چائلڈ ایکٹر کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ عائشہ ڈزنی چینل کے لیے بھی کام کر چکی ہیں جہاں سے انھیں ماہانہ 8 ہزار روپے ملتے تھے۔

سال 2000 میں، عائشہ ٹاکیہ گلوکارہ فالگونی پاٹھک کی میوزک ویڈیو میری چونر اُڑ اڑ جائے میں نظر آئیں۔ اس گانے کے بعد عائشہ کو ملک بھر میں شناخت ملی۔ اس کے علاوہ وہ میوزک ویڈیوز شیک اٹ ڈیڈی اور ایک ریمکس گانے ’’نہیں نہیں ابھی نہیں‘‘ میں بھی نظر آئیں۔ جس کی وجہ سے عائشہ کو کافی شہرت ملی اور لگاتار ہٹ ویڈیوز دے کر انہیں بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کی آفرز ملنے لگیں۔

ٹی وی اشتہارات اور ماڈلنگ میں کیرئیر بنانے کے بعد عائشہ نے فلموں کا رخ کیا۔ عائشہ نے سب سے پہلے فلم سوچا نہ تھا میں کام کیا لیکن پروڈکشن میں تاخیر کی وجہ سے یہ فلم ریلیز نہیں ہو سکی۔ جس کی وجہ سے ان کی دوسری فلم عباس-مستان کی سپر نیچرل ایکشن تھرلر ’’ٹارزن دی ونڈر کار‘‘ (2004) پہلے ریلیز ہوگئی۔ یہ فلم باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوئی لیکن عائشہ کو ان کی بہترین اداکاری اور گلیمرس انداز کی وجہ سے سراہا گیا اور انہوں نے بہترین خاتون ڈیبیو کے لیے فلم فیئر ایوارڈ اور آئیفا ایوارڈ جیتا۔

اس کے علاوہ عائشہ نے دل مانگے مور، سوچا نہ تھا، شادی نمبر 1، ہوم ڈیلیوری جیسی فلموں میں کام کیا۔ عائشہ کی پہلی 7 فلمیں بیک ٹو بیک فلاپ رہیں۔ 2006 میں عائشہ پہلی بار فلم ڈور میں نان گلیمرس روپ میں نظر آئیں۔ عائشہ کو ایک راجستھانی بیوہ کا کردار ادا کرنے پر ناقدین کی جانب سے کافی پذیرائی ملی اور یہ ان کے کیریئر کی پہلی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ 2007 میں عائشہ کی 6 فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں سلام عشق، کیش، فل اینڈ فائنل شامل ہیں۔

سال2009 میں عائشہ کو سلمان خان کے ساتھ فلم وانٹڈ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم پہلے امریتا راؤ کو پیش کی گئی تھی لیکن جب انہوں نے اسے ٹھکرا دیا تو عائشہ اس فلم کی ہیروئن بن گئیں۔ یہ عائشہ کے کیرئیر کی سب سے بڑی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ 2 سال بعد عائشہ نے 2011 کی فلم موڑ کے بعد اچانک انڈسٹری چھوڑ دی۔ صرف 21 فلموں میں نظر آنے والی عائشہ اکثر اپنی اداکاری سے زیادہ اپنی ذاتی زندگی اور تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں۔

ہندی فلموں کے علاوہ انہوں نے تیلگو فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ سال 2006 میں، وہ ’’موسٹ ڈیزائریبل وومن آف انڈیا‘‘کی فہرست میں شامل ہوئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ اداکارہ نہ بنتی تو وہ ٹریول شو کی اینکر ہوتی کیونکہ انہیں کیمرے کے ساتھ سفر کرنا پسند ہے۔ اپنی فٹنس کے لیے وہ ایروبکس، یوگا، مراقبہ وغیرہ کرتی ہے۔ انہوں نے ہالی ووڈ فلم ’’اے نائٹ ود دی کنگ‘‘ میں بھی کام کیا۔

عائشہ ٹاکیہ نے محض 23 سال کی عمر میں اپنے بوائے فرینڈ فرحان اعظمی سے شادی کی جو کہ ایک ریستوران کے مالک ہیں۔ فرحان سماج وادی پارٹی لیڈر ابو اعظمی کے بیٹے ہیں۔ شادی کے لیے عائشہ نے اسلام قبول کیا اور خود کو فلموں سے دور کر لیا۔ اس شادی سے عائشہ کا ایک بیٹا میکائیل ہے۔ فرحان سے شادی سے پہلے عائشہ کا نام سدھارتھ کوئرالا (منیشا کوئرالا کے بھائی) اور اشمیت پٹیل (امیشا پٹیل کے بھائی) کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔
سال 2014 میں عائشہ ٹاکیہ کے سسر اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر ابو اعظمی نے کہا تھا کہ ریپ متاثرہ کو بھی سزا ملنی چاہیے۔ ان کے اس متنازع بیان پر ملک بھر سے قابل مذمت ردعمل سامنے آیا۔ جب یہ خبر عائشہ ٹاکیہ تک پہنچی تو انہوں نے اپنے سسر کے خلاف بولتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی میرے سسر نے وہ بیان دیا ہے جو سامنے آیا ہے تو اس پر میں اور میرے شوہر دونوں شرمندہ ہیں۔ ہماری ایسی ذہنیت نہیں ہے۔ یہ خواتین کی توہین ہے اور انتہائی افسوس ناک ہے۔

عائشہ ٹاکیہ نے اپنے چہرے پر متعدد سرجریاں بھی کروائیں۔ عائشہ کی تبدیلی کی تصاویر سامنے آتے ہی لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا۔

ایک مسلم خاندان میں شادی کرنے کے باوجود عائشہ نہ صرف سبزی خور ہیں بلکہ ویگن بھی ہیں۔ وہ پیٹا انڈیا کے ایک اشتہار میں نظر آئی تھیں۔ جس کے بعد انہوں نے کھلے عام خود کو سبزی خور قرار دیا۔ اپنے جیسے لوگوں کے لیے جو ویگن کھانا پسند کرتے ہیں، انھوں نے ممبئی میں باسیلیکو نامی ویگن ریستوراں کھولا ہے۔ عائشہ اس وقت اپنی خاندانی زندگی سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img