جمعرات, اپریل ۳, ۲۰۲۵
17.6 C
Srinagar

پونچھ میں ایل او سی کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بارودی سرنگ دھماکہ:فوج

جموں: فوج کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں سرحد پار سے پاکستانی فوج کی در اندازی کے نتیجے میں ایک بارودی سرنگ دھماکہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا بھرپور اور موثر جواب دیا گیا۔یہ جانکاری ایک دفاعی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں فراہم کی۔

انہوں نے کہا: ‘یکم اپریل کو کرشنا گھاٹی سیکٹر میں پاکستانی فوج کی سر حد پار سے در اندازی کی وجہ سے ایک بارودی سرنگ دھماکہ ہوا’۔ان کا کہنا تھا: ‘اس کے بعد پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے بالا اشتعال فائرنگ کی’۔

موصوف ترجمان نے بتایا: ‘ہماری فوج نے اس کا بھر پور اور موثر انداز میں جواب دیا’۔انہوں نے کہا: ‘صورتحال قابو میں ہے اور اس کی باریک بینی سے نگرانی کی جا رہی ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر امن برقرار رکھنے کے لیے سال 2021 کے ڈی جی ایم او کے درمیان ہونے والی مفاہمت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ سال 2021 کے ماہ فروری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بین الاقوامی سرحد پر ہندوستان اور پاکستانی فوج کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عمل کرنے پر اتفاق ہوا۔

فوجی ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے چند واقعات کو چھوڑ کر سرحدوں پر مجموعی طور پر یہ معاہدہ برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ فروری میں بھی پاکستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی ایک دو رپورٹس سامنے آئی تھیں جن میں ان کے پانچ فوجی مارے گئے تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img