سری نگر: منشیات کی بیخ کو یقینی بنانے کے لئے جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن چرار شریف کی ایک پارٹی نے سپورٹس اسٹیڈیم چرار شریف کے نزدیک ایک ناکہ لگا دیا اور اس دوران ایک گاڑی (لوڈ کیرئر) زیر رجسٹریشن نمبرJK01AS -9968 کو چیکنگ کے لئے روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے دو الگ الگ کاغذ کے لفافوں میں قریب 12 گرام پیرائن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں گاڑی میں سوار دونوں افراد کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت عمران احمد قصبہ ولد نذیر احمد قصبہ ساکن مہجور نگر سری نگر اور عمران احمد شاہ ولد غلام محمد شاہ ساکن منگن وچھی کنی پورہ سری نگر کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جرم کے لئے استعمال کی جانی والی گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن چرار شریف میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
