جموں: جموں صوبے کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ لائن آف کنٹرول سے متصل علاقوں میں خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق، کٹھوعہ میں جاری ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کے پیش نظر جموں کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، لائن آف کنٹرول کے قریب جنگلات اور رہائشی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی پیٹرولنگ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، پاکستان سے متصل سرحدوں پر انسدادِ دراندازی گرڈ کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا جا رہا ہے۔
جموں صوبے کے راجوری، پونچھ، کٹھوعہ، ادھم پور، کشتواڑ، سانبہ اور ڈوڈہ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کٹھوعہ میں چار روز قبل مقامی خواتین نے پانچ ملی ٹینٹوں کو دیکھا اور اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔ چنانچہ، جوں ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ کے قریب پہنچی، تو وہاں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کے لیے فوج نے ہیلی کاپٹروں کی بھی مدد حاصل کی ہے، تاہم مفرور ملی ٹینٹوں کا اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
