سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کرمہورہ زچلڈارہ جنگل علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان ایک انکائونٹر میں ایک عدم شناخت ملی ٹنٹ ہلاک ہوا ہے۔یہ کشمیر میں سال رواں کے دوران ہونے والی پہلے ملی ٹنٹ کی ہلاکت ہے۔
کپواڑہ کے کرمہورہ زچلڈارہ جنگل علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان پیر کی صبح ایک تلاشی آپریشن کے دوران انکاؤنٹر شروع ہوا تھا۔
کشمیر زون پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا، ‘ہندوارہ کے کرمہورہ زچلڈارہ علاقے میں انکائونٹر شروع ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کام پر لگے ہوئے ہیں۔
ایک پولیس افسر نے بتایا، ‘اسلحہ و گولہ بارود کے ساتھ ایک ملی ٹنٹ کی لاش بر آمد کی گئی ہے اور آپریشن اختتام پذیر ہوا ہے’۔انہوں نے کہا کہ مہلوک ملی ٹنٹ کی شناخت اور تنظیمی وابستگی فی الوقت معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے کرمہورہ زچلڈراہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔واضح رہے کہ یہ وادی کشمیر میں گذشتہ قریب دو مہینوں کے دوران ہونے والا پہلا انکائونٹر تھا۔
قبل ازیں شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں 20 اور 21 جنوری کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے دوران ایک انکائونٹر ہوا تھا جس میں ایک فوجی جوان جاں بحق ہوا تھا تاہم ملی ٹنٹ علاقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔