جموں: جموں وکشمیر حکومت نے کہا کہ وسطی ضلع بڈگام کے بیروہ علاقے میں شادی کی بنیادوں پر 52 غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں۔
یہ جانکاری صحت اور تعیلم کی وزیر سکینہ یتو نے قانون ساز اسمبلی میں جمعرات کو اسمبلی بیروہ ڈاکٹرمحمد شفیع وانی کے سوال کے جواب میں فراہم کی۔
موصوف وزیر نے کہا کہ بیروہ میں 52 غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ سرٹیفکیٹ شادی کی بنیادوں پر جاری کئے گئے ہیں جن کی وہاں شادی ہوئی ہے ان کو یہ سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیروہ میں کل 62 ہزار 3 سو 43 مقامی افراد کو ڈومسائل سرٹیفکیٹ جاری کئے گیئے ہیں جبکہ نارہ بل اور ماگام میں 18 ہزار 9 سو 21 اور 26 ہزار 2 سو 77 ڈومیسائل سرٹیفیکٹ مقامی افراد کو جاری کئے گئے۔
دریں اثنا رکن اسمبلی بیروہ ڈاکٹر محمد شفیع وانی نے اسمبلی کے باہر میڈیا کو بتایا: ‘میں نے انتظامیہ کو لکھا ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ کن افراد کو یہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں’۔
