جمعہ, مئی ۹, ۲۰۲۵
18.4 C
Srinagar

عارضی ملازمین کی مستقلی کیلئے کمیٹی کی تشکیل کا اعلان خوش آئندہ اقدام: این سی صوبائی صدر

سری نگر:وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی طرف سے ڈیلی ویجروں کی مستقلی کیلئے کمیٹی کی تشکیل کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے کہا ہے کہ اس اعلان کیساتھ ہی نیشنل کانفرنس کے منشور میں کئے گئے ایک اور وعدے کو پورا کرنے کی شروعات کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اپنے منشور میں عارضی ملازمین کی مستقلی کی بات کہی تھی اور انشاءاللہ حکومت تمام عارضی ملازمین کو مرحلہ وار بنیادوں کر مستقل کر کے ہی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان عارضی ملازمین کی مستقلی ایک انسانی مسئلہ ہے لیکن بدقسمتی سے ان کا استحصال کیا گیا۔ اگر چہ نیشنل کانفرنس کی سابق حکومت نے تمام عارضی ملازمین کی مستقلی کی سمت میں بہت زیادہ پیش رفت کی تھی لیکن 2014کے تباہ کن سیلاب اور حکومت کی تبدیلی کیساتھ ہی اس پر جاری پیش رفت رک گئی اور اس کے بعد گذشتہ10سال سے ان عارضی ملازمین کو صرف زبانی جمع خرچ سے بہلایا اور پھسلایا گیا۔
نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس بارے میں کمیٹی تشکیل دی ہے اور انہیں 6ماہ کے اندر اندر اپنے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ان عارضی ملازمین کی مستقلی کا عمل شروع کیاجاسکے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے ہر ایک باشندے کو روٹی، کپڑا اور سر پر چھت میسر ہو، نیشنل کانفرنس کے نیا کشمیر میں درج ہے ، تاکہ یہاں کے لوگ خوشحال، آباد، فارغ البال اور اقتصادی و معیشی لحاظ سے مستحکم ہو۔
ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے 1996میں جب حکومت سنبھالی تو 6سالہ دورِ حکومت کے دوران نہ صرف تباہ شدہ ڈھانچے کو پھر ایک بار کھڑا کیا بلکہ ایک لاکھ65ہزار سرکاری ملازمین کی بھرتی بھی عمل میں لائی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف عارضی ملازمین کی مستقلی عمل میں لائے گی بلکہ سرکاری محکموں میں خالی پڑی اسامیوں کو بھی پُر کرنے کیلئے پُرعزم ہے اور ساتھ ہی روزگار کے دیگر وسائل تک نوجوانوں کی رسائی کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جانے کا خلاصہ بھی حال ہی میں پیش کئے گئے بجٹ میں کیا گیا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img