کہا ، حکومت عوام کی خدمت کے لئے پُر عزم ہے
پونچھ/وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے آج ضلع پونچھ کے بلاک منکوٹ میں باروئی چوکی اور شیخاں برجا واٹر سپلائی سکیموں کا اِفتتاح کیا۔یہ دونوں سکیمیں جل جیون مشن کے تحت مکمل کی گئی ہیں جن کی لاگت بالترتیب 3.85 کروڑ روپے اور 2.82 کروڑ روپے ہے۔ اِن سکیموں کا افتتاح میگا عوامی رَسائی کیمپ کے دوران کیا گیاجس کا مقصد مقامی آبادی کی ضروریات اور مسائل کو حل کرنا تھا۔کیمپ کے دوران متعدد وفود اور اَفراد نے وزیر موصوف سے ملاقات کی۔وفود اور اَفراد نے اپنی شکایات پیش کیں اور ان کے فوری اَزالے کا مطالبہ کیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ وِکاس کندل کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔کابینہ وزیر جاوید احمد رانا نے سکیموں کا اِفتتاح کے بعد کہا کہ پانی کی دستیابی حکومت کے اوّلین مقاصد میں شامل ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ہم اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہیں کہ ہر گھر تک معیاری اور وافر مقدار میں پینے کا پانی پہنچے اور اس مقصد کے لئے جموں و کشمیر بھر میں پانی کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔‘‘وزیر موصوف نے کہا کہ ان منصوبوں کے اِفتتاح سے مقامی آبادی کو پانی کے مسائل کا کافی حد تک حل ہوجائے گا۔ واٹر سپلائی سکیم باروئی چوکی سے 2,948 کی آباد ی کو فائدہ پہنچے گا جس میں 440 گھروں کو 140 نئے کنکشن دئیے جا رہے ہیں۔واٹر سپلائی سکیم شیخاں برجا منکوٹ سے 3,991 کی آبادی مستفید ہوں گی، 611 گھروں کو پانی کی فراہمی ہوگی اور 165 نئے کنکشن دئیے جائیں گے۔دونوں سکیمیں بورویل پر مبنی ہیں جو پانی کی مستقل دستیابی کو یقینی بنائیں گی۔اُنہوں نے مزید کہا، ’’یہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ ہم اَپنے آبی ذخائر کو صاف اور محفوظ رکھیں۔‘‘وزیر جل شکتی نے آئوٹ ریچ کیمپ پر تبصر ہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی ایک اچھا تصور ہے لیکن ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لئے اس میں کچھ ترامیم کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا ،’’اس پروگرام کا بنیادی مقصد عوام کو درپیش مسائل کا موقعہ پر قابلِ عمل اور دیرپا حل فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ ہم حکمرانی کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچا رہے ہیں اور ہمارا عزم عوامی خدمت ہے۔‘‘
وزیر موصوف نے مزید کہا کہ ایسے کیمپ باقاعدگی سے منعقد کئے جانے چاہئیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں اور پالیسیوں کو عوامی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا،’’اگر عوامی دربار شفافیت اور سنجیدگی کے ساتھ منعقد ہوں اور ان پر عملی اقدامات کئے جائیں، تو بیشتر ترقیاتی مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے۔‘‘اُنہوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کئے گئے کاموں پر مقامی اِنتظامیہ کی بھی سراہنا کی اور کہا کہ چیزیں صحیح سمت میں آگے بڑھنا شروع ہوگئی ہیں۔
وزیر موصوف نے خراب موسم کے باوجود آؤٹ ریچ پروگرام جاری رکھا اور مقامی لوگوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی، اُن کے مسائل سنے اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اٹھائے گئے مسائل کوبغور سنا اور ان کے ازالہ کے لئے متعلقہ اَفسران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔





