جموں/ سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ جموںوکشمیر کی اَنفورسمنٹ ٹیموں نے صوبہ جموں میں فروخت کو چھپانے اور جعلی انوائسنگ کے خلاف اَپنی معائینہ مہم کو جاری رکھتے ہوئے صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں کاروباری اِداروں کا معائینہ کیا۔یہ معائینے مختلف اے آئی ٹولز بشمول بزنس انٹیلی جنس اینڈ فراڈ اینالیٹکس (بی آئی ایف اے)، اِی وے بل پورٹل اور اَنفورسمنٹ وِنگ کے دیگر ذرائع سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر کئے گئے۔ پوری مہم کمشنر سٹیٹ ٹیکسزجموں و کشمیرپی کے بھٹ کی رہنمائی اور ایڈیشنل کمشنر (اَنفورسمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن) جموں، نمرتا ڈوگرہ کی نگرانی میں انجام دی گئی۔سٹیٹ ٹیکسز افسران کی قیادت میں خصوصی تشکیل دی گئی اَنفورسمنٹ ٹیموں نے وِجے پور، سانبہ، آر ایس پورہ، جموں (سینٹرل)، سندربنی، راجوری، کشتواڑ، لکھن پور، کٹھوعہ، بانہال، رام بن اور اودھمپور میں کاروباری اِداروں کا معائنہ کیا۔ اِن ٹیموں نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران، دستاویزات، فزیکل سٹاک کی پوزیشن، بل بُک وغیرہ کی تصدیق کرتے ہوئے جی ایس ٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیں۔ایڈیشنل کمشنر (اَنفورسمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن) جموںنمرتاڈوگرہ نے کہا، ’’یہ معائینے اَنفورسمنٹ سرگرمیوں کا حصہ ہیں اور اس مقصد کے لئے 13 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹیموں نے ایسے ڈیلروں کو بالخصوص ہدف بنایا جو فروخت چھپانے اور جعلی انوائسنگ میں ملوث پائے گئے۔سٹیٹ ٹیکسز ڈیپارٹمنٹ نے تمام ڈیلروں پر زور دیا کہ وہ شفاف تجارتی طریقوں پر عمل کریں اور ٹیکس چوری یا جعلی آئی ٹی سی سے متعلق دھوکہ دہی سے گریز کریں۔
مزید برآں، محکمہ نے تمام ٹیکس دہندگان سے اپیل کی کہ وہ انوائس پر مبنی کاروبار کریں، اَپنی اصل فروخت رپورٹ کریں اور اَپنے ماہانہ اورسہ ماہی گوشواروں میں مطلوبہ جی ایس ٹی کی ادائیگی کریں تاکہ اَنفورسمنٹ کارروائیوں اور جُرمانوں سے بچا جا سکے۔
