بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
5.1 C
Srinagar

ٹرمپ کا اقتصادی ایجنڈا۔۔۔۔۔

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے اس اعلان سے دنیا کے بیشتر غریب ممالک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم دنیا کے مختلف ممالک کو کیوں مختلف شعبوں میں امداد فراہم کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی میں بہت ساری غیر سرکاری تنظیمیں دنیا کے ان غریب ممالک میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) ایک ایسی تنظیم ہے جو نہ صرف صحت کے شعبے میں سالانہ اربوں ڈالر مختلف ممالک میں خرچ کر رہی ہے بلکہ غریب بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے کھانے پینے اور دیگر سہولتوں کے لئے بھی یہ تنظیم کام کر رہی ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ ایک ایسی سیاسی شخصیت ہیں ،جو ایک کامیاب تاجر بھی ہیں، انہیں بخوبی معلوم ہے کہ کس طرح ان کا ملک اقتصادی ترقی میں مزید مستحکم ہو جائے گا۔ امریکہ کے سابقہ صدور نے آج تک پوری دنیا میں اپنی بالادستی قائم رکھنے کے لئے مختلف ممالک کے درمیان جنگیں لڑوائی ہیں۔ افغانستان سے اپنی فوج کی واپسی کے بعد اب یوکرین اور اسرائیل سے بھی امریکہ اپنا ہاتھ واپس کھینچ رہا ہے اور ٹرمپ روس، فلسطین اور چین کے ساتھ بھی دوستانہ ماحول قائم کرنے کا خواہاں ہے۔

جانکار حلقوں کا ماننا ہے کہ یہ بات صاف ہے کہ جنگوں میں الجھ کر امریکہ کو کچھ حاصل نہیں ہو سکا، بلکہ اس ملک کی اقتصادی حالت کمزور ہونے لگی ہے، اسی لئے ٹرمپ ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ وہ امریکہ میں درآمد ہو رہی چیزوں پر بھی ٹیکس لگانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔جہاں تک بھارت کا تعلق ہے، گزشتہ دس برسوں کے دوران یہ ملک بڑی تیزی کے ساتھ ہر شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے اور امریکی صدر کو بخوبی معلوم ہے کہ بھارت دنیا میں سب سے بڑی تجارتی منڈی ہے، جہاں سے وہ اپنے ملک یعنی امریکہ کے لئے بہت زیادہ مالی فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔ اس لئے انہوں نے وزیرِ اعظم مودی کو امریکہ آنے کی دعوت دی اور ان کے ساتھ فوجی ساز و سامان فروخت کرنے کے معاہدوں پر دستخط کیے۔

امریکی صدر کے حالیہ فیصلوں یا بیانوں سے بھارت پر کوئی اثر دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے کیونکہ یہ ملک پہلے ہی اپنی مالی خودمختاری پر کام کر رہا ہے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ’میک ان انڈیا‘ اور’میڈ ان انڈیا‘ فارمولے پر زور دے کر ملک کو ترقی کے منازل کی جانب گامزن کیا ہے، جس کا اعتراف خود امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کیا ہے۔جہاں تک ٹرمپ کا تعلق ہے، وہ امریکہ کی مالی ترقی سے ہی دنیا پر راج کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، جس سے بہرحال بہت سارے غریب ممالک متاثر ہو سکتے ہیں، خاص طور پر وہ عالمی غیر سیاسی تنظیمیں جو امریکہ یا اقوام متحدہ کے رحم و کرم پر چلتی آرہی ہیں۔ ان حالات میں بھارت، جسے ابھرتا تجارتی اور اقتصادی ترقی والا ملک سمجھا جاتا ہے، غریب ممالک کو بھارت سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img