جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
13.6 C
Srinagar

کشمیر میں دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات شروع

سری نگر:وادی کشمیر میں پیر کے روز تمام تر تیاریوں کے بیچ دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات شروع ہوئے۔دسویں جماعت کے یہ امتحانات آج سے شرع ہو کر 19مارچ کو اختتام پذیر ہوں گے۔
جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے مطابق سافٹ زون میں شروع ہونے والے دسویں جماعت کے امتحانات میں کل 1 لاکھ 26 ہزار 7 سو 11 طلبا شرکت کر رہے ہیں جبکہ ان کے لئے 1 ہزار 3 سو 16 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دسویں جماعت کے امتحانات شام کے شفٹ میں ہوں گے یعنی یہ ٹھیک دو پہر 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوں گے۔ادھر وادی میں دسویں جماعت کے لئے قائم امتحانی مراکز پر صبح سے ہی گہماگہمی دیکھی گئی اور طلبا کو وقت سے پہلے ہی اپنے اپنے امتحانی مراکز کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔بڈگام میں ایک امتحانی مرکز پر ساجد علی نامی طالب علم نے یو این آئی کو بتایا: ‘میں امتحان دینے کے لئے پوری طرح سے تیار ہوں کیونکہ ہمیں تیاری کرنے کے لئے اچھا وقت مل گیا’۔انہوں نے کہا: ‘میں تھوڑا بہت نروس ضرور ہوں لیکن اپنی تیاری پر پورا اعتماد ہے اور مجھے یقین ہے کہ میں اچھے نمبرات کے ساتھ اس امتحان کو پاس کروں گا’۔ایک امتحانی سینٹر پر تعینات ایک استاد نے بتایا: ‘امتحانات کے لئے تمام تر تیاریوں کو عمل میں لایا گیا ہے اور بچوں کو اس دوران تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی’۔انہوں نے کہا: ‘امتحانی مرکز پر عملے اور دیگر ضروریات کو دستیاب رکھا گیا ہے تاکہ طلبا کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے’۔بتادیں کہ وادی میں بارہویں جماعت کے امتحانات پہلے ہی یعنی سنیچر سے شروع ہوئے ہیں۔
جموں وکشمیر میں بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں کل 94 ہزار 1 سو 68 بچے شرکت کر رہے ہیں جن کے لئے کل 8 سو 73 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔حکام کے مطابق ان میں سے کشمیر میں کل 50 ہزار 6 سو 7 طلبا شرکت کر رہے ہیں جن کے لئے 4 سو 70 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ صوبہ جموں میں کل 42 ہزار 5 سو 59 بچے ان امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں جن کے لئے 4 سو 3 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب جے کے بی او ایس ای اور سی بی ایس ای کے دونوں 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات ایک ساتھ منعقد ہو رہے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img