نئی دہلی: ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنی بھارتی ایئرٹیل نے پورے ہندوستان میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے 5G فکسڈ وائرلیس رسائی (ایف ڈبلیو اے) اور وائی فائی سولیوشن کو وسعت دینے کے لیے نوکیا اور کوالکوم کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
کمپنی نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت، نوکیا ایئرٹیل کو اپنے 5G فکسڈ وائرلیس اکسیس آؤٹ ڈور گیٹ وے ریسیورز اور وائی فائی۔ 6 ایکسس پوائنٹس فراہم کرے گا، جو کوالکوم موڈم آر ایف اور وائی فائی 6 چپ سیٹس پر مبنی ہونگے۔ اس اقدام کا مقصد ان علاقوں میں بہتر براڈ بینڈ خدمات فراہم کرنا ہے جہاں فائبر کنیکٹیویٹی یا تو محدود ہے یا اسے نافذ کرنا چیلنجنگ ہے۔ ہندوستان میں فائبر کنیکٹیویٹی تک محدود رسائی اور ڈیجیٹل خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے، 5G نیٹ ورکس کے ذریعے فکسڈ وائرلیس براڈ بینڈ رسائی کا استعمال ایک اہم توجہ کے طور پر ابھر رہا ہے۔
ایئرٹیل نوکیا کے فاسٹ مائل 5G آؤٹ ڈور ریسیورز کا استعمال کرے گا، جو خاص طور پر کثیر رہائشی یونٹس کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں اور بیک وقت دو گھروں کی خدمت کرنے کے قابل ہیں۔ اس سے کنکشن کی لاگت کم ہو جائے گی۔ یہ ریسیورز زیادہ ہائی گین اینٹینا سے لیس ہیں، جو طویل فاصلے تک براڈ بینڈ تک رسائی کو بہتر بناتے ہیں اور ریڈیو وسائل کا مؤثر طریقے سے انتظام کرتے ہیں۔ مزید برآں، فاسٹ مائل 5G آؤٹ ڈور ریسیور میں پاور اوور ایتھرنیٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس سے اسے دیواروں، بالکونیوں یا کھمبوں پر آسانی سے انسٹال کیا جا سکتا ہے۔
گھروں میں انٹرنیٹ کے بہترین تجربے کو یقینی بنانے کے لیے ایئرٹیل نویکا کے وائی فائی 6 ایکسس پوائنٹس کا استعمال کرے گا۔ یہ حل اسمارٹ میش صلاحیتوں اور خود کو بہتر بنانے والے نیٹ ورک کی خصوصیات کے ساتھ آتا ہے، جس سے صارفین اپنے پورے گھر میں بغیر کسی رکاوٹ کے براڈ بینڈ کے تجربے سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
یو این آئی۔ م ع۔
