جموں: جموں کے مضافاتی علاقے پھالیان منڈل میں منگل کی شام نامعلوم افراد نے سکارپیو گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی کے شیشے چکنا چور ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جموں کے پھالیان منڈل میں منگل کی شام نامعلوم افراد نے سکارپیو گاڑی پر چاروں طرف سے فائرنگ کی جس وجہ سے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ آلٹو گاڑی میں سوار پانچ افراد نے سکارپیو اور ویگنار گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار حملہ آور قتل کے منصوبے سے آئے تھے تاہم سکارپیو ڈرائیور سمیت تین افراد کسی طرح سے اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔
مقامی شہری نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ جموں صوبے میں بد معاشوں نے خوف ودہشت کا ماحول قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ شام دیر گئے گاڑی میں سوار پانچ نقاب پوش نامعلوم افراد علاقے میں نمودار ہوئے اور فائرنگ شروع کردی جبکہ تیز دھار والے ہتھیاروں سے دو گاڑیوں کے شیشے بھی چکنا چور کئے۔
انہوں نے کہاکہ مقامی غنڈوں اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔