نئی دہلی: سپریم کورٹ میں آج مفاد عامہ (پی آئی ایل) کی ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں اتر پردیش حکومت پر پریاگ راج مہاکمبھ بھگدڑ کیس میں "کوتاہی، لاپرواہی اور انتظامیہ کی مکمل ناکامی” کا الزام لگایا گیا ہے عرضی گزار وکیل وشال تیواری نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام ریاستی حکومتوں کو مہاکمبھ کے عقیدت مندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کرے، جہاں 29 جنوری کی رات کو ہونے والی بھگدڑ میں 30 افراد ہلاک اور 60 دیگر زخمی ہوئے تھے۔
ایڈوکیٹ تیواری کی عرضی میں اس واقعہ پر اسٹیٹس رپورٹ پیش کرنے اور لاپرواہی برتنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
مسٹر تیواری نے اپنی عرضی میں کہا ہے کہ بھگدڑ سرکاری افسروں کی چوک، لاپرواہی، غفلت اور انتظامیہ کی مکمل ناکامی کی وجہ سے لوگوں کی خراب صورتحال اور قسمت کی عکاسی ہوتی ہے ۔
پی آئی ایل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جب بھی اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں تو زیادہ تر عام اور غریب لوگ اس کا نشانہ بنتے ہیں۔ کسی بھی پروگرام یا تقریب میں آنے والے وی آئی پیز کے لیے الگ انتظامات کیے جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ جب کوئی اہلکار، سیاستدان یا وی آئی پی وہاں سے گزرتا ہے تو عام لوگوں کی نقل و حرکت بند کردی جاتی ہے۔
راجستھان کے بھرت پور کے رہنے والے ایڈوکیٹ مسٹر تیواری کی اس درخواست میں تمام ریاستی حکومتوں کو ہدایت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی اپنی ریاستوں سے کمبھ جانے والے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
ان کی عرضی میں کہا گیا ہے "تمام ریاستوں کو مہاکمبھ میں عقیدت مندوں کے محفوظ سفر کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی ہدایت دی جائے ۔ تمام ریاستیں پریاگ راج میں مہاکمبھ کے لیے مناسب طریقے سے اپنے اپنے سہولت مراکز قائم کریں اور ان مراکز کو ایک دوسرے سے جوڑا جائے ۔ ان کی ریاستوں کو یہ مراکز حفاظتی اقدامات اور رہنما خطوط کے بارے میں بنیادی معلومات فراہم کریں اور ہنگامی صورت حال میں کوئی بھی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار رہیں ۔
درخواست میں کہا گیا کہ عوامی اعلانات، سمت دکھانے والے اشارے والے بورڈز، دوسری زبانوں میں ڈائریکشن بورڈز کے لیے بھی انتظامات کیے جائیں تاکہ مختلف زبانوں اور ثقافتوں کے لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ تمام ریاستی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ الیکٹرانک ذرائع جیسے ایس ایم ایس، واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے عقیدت مندوں کی طرف سے پیروی کرنے والے بنیادی رہنما خطوط اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں پیغامات بھیجنے کا بھی انتظام کریں، تاکہ لوگ آسانی سے معلومات حاصل کر سکیں۔ تمام ریاستی حکومتوں کو، اتر پردیش حکومت کے ساتھ مل کر، پریاگ راج مہاکمبھ میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی اپنی چھوٹی میڈیکل ٹیمیں بھی تعینات کرنی چاہئیں تاکہ طبی ایمرجنسی کے وقت طبی عملے کی کوئی کمی نہ ہو۔
عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وی آئی پی کی نقل و حرکت سے عام عقیدت مندوں کی حفاظت متاثر نہیں ہونی چاہئے اور مہاکمبھ میں عقیدت مندوں کے داخلے اور باہر نکلنے کے لئے زیادہ سے زیادہ جگہ فراہم کی جانی چاہئے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ 1954 کے کمبھ میلے میں بھگدڑ کے حادثے سے لے کر اتر پردیش میں 2025 کے مہاکمبھ میں بھگدڑ تک، یہ صاف اور ظاہر ہے کہ ہمارے ملک کی انتظامی سرگرمیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ جس سے مناسب دیکھ بھال، پیشگی مرمت اور بر وقت ترقیاتی سرگرمیوں کے ذریعے ایسے حادثات سے بچا جا سکتا تھا۔