سری نگر: جنوبی ضلع اننت ناگ کے گٹلی گنڈ ویری ناگ علاقے میں یرقان کی بیماری پھوٹ پڑنے سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ 27افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ پی ایچ ای محکمہ کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے یہ بیماری پھوٹ پڑی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ویری ناگ کے گٹلی گنڈ علاقے میں یرقان کی بیماری پھوٹ پڑی ہے اور اس بیماری سے متاثرین کی تعداد 27تک جا پہنچی ہے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ 27افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈاکٹروں کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے علاقے کا دورہ کیا اور وہاں پر سیمپل اکھٹا کئے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے متاثرہ کنبوں سے احتیاطی تدابیر پر من وعن دعمل کرنے کی تاکیدم کی ہے۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے پی ایچ ای محکمہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ نا صاف پانی کی فراہمی سے ہی بیماری پھوٹ پڑی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ویری ناگ اوراس کے ملحقہ علاقوں میں پی ایچ ای ملازمین فرائض کی انجام دہی کے دوران غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اننت ناگ نے بیماری پھوٹ پڑنے کی وجوہات جاننے کی خاطر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کا بھی قیام عمل میں لایا ہے ۔