جموں: جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے جیول چوک علاقے میں تاک میں بیٹھے نامعلوم افراد نے تھار گاڑی کے ڈرائیور پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی ہے۔
اے ڈی جی پی جموں کے مطابق ذاتی رنجش کی وجہ سے نوجوان کا قتل کیا گیا ۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز جموں کے جیول چوک علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب نامعلوم افراد نے تھار گاڑی میں موجود نوجوان پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا ۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے نوجوان کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہو سکا۔
مہلوک نوجوان کی شناخت سمت جندل کے بطور کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ ذاتی رنجش کی وجہ سے نوجوان کا قتل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالاجارہا ہے تاکہ حملہ آوروں کو جلد ازجلد سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جاسکے۔
دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج آنند جین نے بتایا کہ جیول چوک جموں میں فائرنگ کا واقع ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ کوئی دہشت گردانہ حملہ نہیں ہے۔
اے ڈی جی پی کے مطابق جیول چوک کے نزدیک تاک میں بیٹھے حملہ آوروں نے تھار گاڑی میں موجود سمت جندل پر نزدیک سے گولیاں چلائیں اور وہاں سے فرار ہوئے۔
ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔
