چھمب حلقہ میں جے پی ڈی سی ایل کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا
جموں /وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر ستیش شرما نے ایک تاریخی اقدام کے طور پر آج جموں سے پریاگراج تک خصوصی بس سروس کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ یہ پہل جموں و کشمیر کے لوگوں کے مذہبی عقیدے کو برقرار رکھنے کیلئے وزیر ٹرانسپورٹ کی ہدایات کے بعد سامنے آئی ہے ۔ ہدایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایم ڈی جے کے آر ٹی سی نے مہا کنبھ میلہ 2025 منانے کیلئے تروینی پریاگراج کیلئے بس سروس شروع کرنے کو یقینی بنایا ۔ بس سروس کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر نے بتایا کہ خصوصی بس سروس ہر روز صبح 5 بجے جموں بس اسٹینڈ سے شروع ہو گی جو یاتریوں کو سنگم میں شنان کیلئے پریاگ راج ( تروینی ) لے جائے گی اور ایک رات کے وقفہ کے بعد مسافروں کو واپس لائے گی ۔ وزیر نے زور دے کر کہا کہ حکومت مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے اور خطے کے بڑے مذہبی مقامات بشمول بڈھا امر ناتھ ، شاہدرہ شریف ، سدھ مہادیو ، گولڈن ٹیمپل وغیرہ کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے کیلئے بہت سے اہم اقدامات اٹھانے جا رہی ہے ۔ بعد ازاں وزیر نے اپنے حلقہ انتخاب چھمب میں جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمٹیڈ ( جے کے پی ڈی سی ایل ) کے کام کاج کا بھی جائیزہ لیا ۔ ایم ڈی جے کے پی ڈی سی ایل نے اپنی تفصیلی پریذنٹیشن کے دوران کارپوریشن کی فزیکلی اور مالی کامیابیوں ے بارے میں وزیر کو بتایا ۔