کچھ سال قبل بڑابھائی بھی اسی شاہراہ پرازجان ،علاقہ ماتم کناں
بارہمولہ/شمالی ضلع بارہمولہ کے رفیع آبادعلاقے میں اُسوقت غم واندوہ کی لہردوڑ گئی ،جب یہاں یہ خبر پہنچی کی سری نگرجموں قومی شاہراہ پر جمعرات کو دیررات بیٹری چشمہ کے مقام پرایک ٹرک کے گہری کھائی میں جاگرنے کے نتیجے میں 2سگے بھائی لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق جموں سے سری نگرکی جانب آرہی لوہے سے لدی ایک ٹرک زیرنمبرJK04E-9110جمعرات کو دیررات بیٹری چشمہ کے مقام پرایک ٹرک کے گہری کھائی میں جاگرگئی،اوراس میں سوار رفیع آبادکے 2جواں سال سگے بھائیوںکی موت واقعہ ہوگئی ۔ حکام نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، اور جمعہ کی صبح 2لاشوں کوگہری کھائی سے نکال لیا گیا۔ حکام نے بتایاکہ یہ المناک حادثہ جمعرات کی دیر رات تقریباً ساڑھے11بجے اس وقت پیش آیا جب ٹرک زیرنمبرJK04E-9110 مبینہ طور پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے ہٹ کر بیٹری چشمہ کے مقام پر ایکگہری کھائی میں جا گری۔انہوںنے کہاکہ گہری کھائی سے نکالی گئی لاشوںکی شناخت یاسر احمدخان اور دانش احمدخان پسران امتیاز احمدخان ساکنان چھجہامہ رفیع آباد سوپور ضلع بارہمولہ کے طورپرہوئی ہے۔حکام نے بتایاکہ اندھیرے اور کھائی کے گہری ہونے کی وجہ سے رات کے وقت جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں نہیں نکالی جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ امدادی کارروائی اور آپریشن کا آغاز جمعہ کی صبح پہلی روشنی سے ہوا۔حکام نے بتایاکہ سگے بھائیوں یاسر اور دانش کی لاشیں کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد نکال لی گئیں۔ ٹرک، جسے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ،کھائی میں پڑ ی ہے ۔ادھر رام بن پولیس نے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔ ایک پولیس اہلکار نے کہاکہ ابتدائی نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ ممکن ہے کہ ٹرک سڑک کے مشکل حالات کی وجہ سے پھسل گیا ہو۔اس دوران معلوم ہواکہ کچھ سال قبل یاسراوردانش کا بڑا بھائی معراج الدین خان بھی سری نگرجموں قومی پر ہوئے ایک حادثے میں جاں بحق ہوا تھا۔ امتیاز احمد خان کے تین بیٹے اب تک سری نگرجموں شاہراہ پرہونے والے المناک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔