سری نگر: جموں وکشمیر اینٹی کورپشن بیورو نے جمعہ کے روز مبینہ طور پر آمدنی سے زیادہ اثاثوں کے مقدموں کی تحقیقات کے سلسلے میں سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے دو افسروں کے احاطوں پر چھاپے مارے۔
اینٹی کرپشن بیورو کے اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل عبدل وحید شاہ نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اے سی بی کو اطلاع موصول ہوئی کہ سری نگر سمارٹ سٹی لمیٹیڈ کے دو آفیسروں نے نہ صرف آمدنی سے زیادہ جائیداد بنائی ہے بلکہ وہ عالیشان زندگی گزار رہے ہیں۔
اے سی بی کے اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل نے بتایا کہ اس ضمن میں بد عنوانی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمہ زیر نمبر 1/2025کے تحت پولیس اسٹیشن اے سی بی سری نگر میں درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ظہور ڈار کے پاس غالب آباد شالہ ٹینگ سری نگر میں ایک شاندار کثیر منزلہ مکان ، ایک کار ، شریک حیات کے ذاتی بینک اکاونٹس میں مشکوک ٹرانزکشن ، بے نامی جائیدادوں کا حصول اور فکسڈ ڈپازٹ(ایف ڈی آر ) کی صورت میں بھاری اثاثے موجود ہیں۔
ان کے مطابق اس طرح سے سرکاری ملازم ظہور ڈار ساکن ٹاکنواری سری نگر حال غالب آباد شالہ ٹینگ نے بد عنوانی کے مختلف طریقوں میں ملوث ہو کر غیر قانونی طریقے سے جائیداد بنائی ہے جو کہ انسداد بد عنوانی 1988کے ذمرے میں آتا ہے۔
اے آئی جی نے بتایا کہ عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد جمعے کی صبح سات مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
دریں اثنا اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اے سی بی نے آمدنی سے جائیداد رکھنے کی پادائش میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے چیف فائنانشل آفیسر سجاد یوسف بٹ اور ایگزیکٹیو انجینئر ظہور احمد ڈار کے خلاف باضابط طورپر مقدمہ درج کیا ہے۔
بیان کے مطابق اے سی بی نے خفیہ طریقے سے دونوں آفیسران کے خلاف تحقیقات شروع کی جس دوران اس بات کی تصدیق ہوئی کہ دونوں نے کروڑوں روپیہ مالیت کی جدائیداد بنائی ہے۔
اے سی بی کے مطابق سجاد یوسف بٹ نامی آفیسر نے رام باغ سری نگر میں کمرشل جائیداد بنائی ہے اور اس کے پاس متعدد بینک کھاتے بھی ہیں۔
ان کے مطابق سجاد یوسف بٹ ولد محمد یوسف بٹ ساکن نملہ بل پانپور حال دولت آباد خانیار سری نگر جو کہ اس وقت سمارٹ سٹی پروجیکٹ میں بطور چیف فائنانشل آفیسر تعینات ہیں نے اپنی کرسی کا ناجا ئز استعمال کرکے غیر قانونی املاک بنائی ہے۔
ظہور احمد ڈار نامی دوسرے آفیسر نے بھی غالب آباد شالہ ٹینگ لین نمبر پانچ میں عالیشان مکان بنایا ہے اوراس کے پاس ایک سڈن کار ، مشتبہ بینک ٹرانزکشن اور متعدد بینک کھاتے بھی ہیں۔
ان کے مطابق ظہور احمد ڈار ولد عبدالرزاق ڈار ساکن ٹاکن واری پورہ سری نگر حال غالب آباد لین نمبر پانچ شالہ ٹینگ سری نگر جو کہ اس وقت سمارٹ سٹی پروجیکٹ میں ایگزیکٹیو انجینئر کے طورپر تعینات ہیں نے بد عنوانی کی ہے۔
اینٹی کرپشن نے معاملے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی ہے جبکہ دونوں آفیسران سے منسلک سات مقامات پر چھاپے ماری جاری ہیں۔