سری نگر: پولیس نے سری نگر میں ایک بڑے منشیات ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو کلیدی منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے 8 کلو ہیرائن بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ قمر واری نے براتھنہ کراسنگ پر ایک معمول کے ناکے کے دوران ایک گاڑی (ٹا ٹا سومو) زیر رجسٹریشن نمبر JK05D – 1837 کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے۔انہوں نے کہا کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈرائیور کی سیٹ کے نیچے چھپائے گئے 6 کلو ہرائین بر آمد کئے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ذاتی تلاشی کے دوران ان دو افراد سے پالی تھین بیگوں میں چھپایا گیا 2 کلو نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا۔انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت انیس اعجاز اوان ولد اعجاز احمد اوان ساکن دلدار ٹنگڈار کپوارہ اور زاہد احمد شیخ ولد نذیر احمد شیخ ساکن چھنی پورہ ٹنگڈار کپوارہ کے طور پر کی ہے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ منشیات اور اس جرم کے لئے استعمال کی جانی والی گاڑی کو بطور شواہد ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن پارمپورہ میں ایک مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ برآمد شدہ منشیات سرحد پار منشیات سمگلنگ کے نیٹ ورک کے حصے کے طور پر پاکستان سے اسمگل کی گئی تھیں۔
بیان میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر پولیس اس سنڈیکیٹ کو ختم کرنے اور اس غیر قانونی تجارت میں ملوث تمام افراد کی شناخت کرنے کے لیے پچھلے اور آگے دونوں طرح کے روابط کا تعاقب کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات کی سمگلنگ کو ختم کرنے اور کمیونٹی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اپنے مشن میں پرعزم ہے۔