سری نگر: سری نگر پولیس نے اپنے آپ کو سرکاری افسر کا روپ دھارنے والے ایک جعلساز کو رشوت کے عوض منشیات فروش کی رہائی کا وعدہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے سری نگر میں ایک جعلساز کو گرفتار کیا ہے جس نے سرکاری افسر ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا تاکہ ایک فرد کو منشیات سے متعلق جرائم کے تحت منشیات فروش کو رہا کرنے کا وعدہ کرکے خاطر خواہ رقم کا دھوکہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 6 جنوری 2025 کو صفیہ ریاض زوجہ ریاض احمد چنہ کی جانب سے ایک شکایت درج کروائی گئی تھی جس میں شہید گنج کے رہائشی صادق حسن چالو پر ایک سرکاری افسر کا روپ دھارنے اور اس کے ساتھ 2 لاکھ روپیے کا فراڈ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا: ‘شکایت میں کہا گیا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کے شوہر کی رہائی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اثر و رسوخ کا جھوٹا دعویٰ کیا جس کو پولیس سٹیشن راجباغ نے منشیات کے ایک مقدمے میں 19 نومبر 2024 کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس بیان میں کہا گیا: ‘جب شکایت کنندہ کو دھوکہ دہی کا پتہ چلا اور اس نے رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا تو ملزم نے صرف ایک جزوی رقم واپس کی اور باقی رقم واپس کرنے سے انکار کردیا۔’انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بی این ایس ایکٹ کی دفعہ 318 (4)، 319 اور 351 (2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور دھوکہ باز کو گرفتار کیا گیا ہےپولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔بیان کے مطابق درخواست گذار کے شوہر ریاض احمد چنہ کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور وہ اس وقت سب جیل بھدرواہ میں بند ہے۔