جموں:وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پیر کے روز کہاکہ 50برس کے بعد جموں وکشمیر کو پوری طرح سے ریل نیٹ ورک کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ آج جموں وکشمیر کے لوگوں کی دیریانہ مانگ کو پرا کیا گیا ہے ۔ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ مودی جی کی قیادت میں مرکزی سرکار نے پچاس برس کے بعد جموں وکشمیرکو پوری طرح سے ریل نیٹ ورک سے جوڑنے کا کام مکمل کیا جس کے لئے مرکزی زیر انتظام کے لوگ مبارکبادی کے مستحق ہیں۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہا :’اُن سیاستدانوں سے سوال پوچھا جانا چاہئے جنہوں نے اس خطے کو ریلوے نیٹ ورک سے پرے رکھنے کی بھر پور سعی کی۔ ‘ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر نے سال 1972میں پہلی ٹرین کا مشاہدہ کیا۔
مرکزی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیر کو ریل کے ذریعے ملک کی دیگر ریاستوں سے جوڑنے کی کئی سیاستدان مخالفت کر رہے تھے لیکن آج مودی جی نے کشمیر کو ریل نیٹ ورک سے جوڑ کر ایک تاریخی سنگ میل عبور کیاہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ آج جموں وکشمیر کے لوگوں کی ایک دیریانہ مانگ پوری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس تاریخی ریلوے نیٹ ورک کا فائدہ یہاں کے عام لوگوں کو بھی پہنچے گا۔ وزیر وزیر مملکت نے کہاکہ یہ ریلوے پروجیکٹ نہ صرف کشمیر بلکہ ہندوستانی ریلوے کے لئے ایک تاریخی سنگ میل ہے ۔مرکزی وزیر نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی اور خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔