انتظامیہ سے فاروق اندرابی کی اپیل
سرینگر: اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر اور میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آنے والے سخت سردی کے ایام میں اور بھاری برفباری کے دوران لوگوں کو بے جا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے اس ضمن میں پیشگی طور پر موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اپنے ایک بیان میں فاروق اندرابی نے کہا، ’’چونکہ آنے والے ایام میں بھاری برفباری اور سخت سردی متوقع ہے، اس لئے انتظامیہ کو متوقع چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار رہنے اور بعض پیشگی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’انتظامیہ کو وادی بھر میں لوگوں کے لئے اشیاء ضروریہ کی وافر سپلائی یقینی بنانے کے لیے انتظامات کرنے چاہیئں۔ نیز، حکام کو بجلی سپلائی میں بار بار کی کٹوتی کو کم کرنے اور پینے کے پانی کی مسلسل سپلائی یقینی بنانے کےلئے اقدامات کرنے چاہیں۔‘‘
انہوں نے وادی بھر بالخصوص دور دراز علاقوں میں طبی مراکز پر تمام انتظامات اور مطلوبہ افرادی قوت کی تعیناتی یقینی بنانے پر زور دیا اور ساتھ ہی کہا کہ وادی کے مختلف علاقوں کے درمیان زمینی رابطے بحال رکھنے کے لئے سڑکوں سے برف ہٹانے کےلئے بھی متعلقہ محکموں اور افرادی قوت کو تیار رکھا جانا چاہیے۔‘‘
اپنی پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام محکموں کو اچھی طرح سے مربوط رہنا چاہیے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سردیوں کے ان سخت دنوں میں لوگوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔