جھارکھنڈ اَنڈر 17گرلز فٹ بال چمپئن بن کر اُبھرا
جموں/وزیر برائے اَمورنوجوان و کھیل کود ، خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین اور ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے آج یہاں جموں یونیورسٹی کے جنرل زورآور سنگھ آڈیٹیوریم میں 68 ویں نیشنل سکول گیمز2025کے اِختتامی تقریب میں شرکت کی ۔ اِن سکولی گیمز میں جو ڈو ، فینسنگ ، ووشو اور فٹ بال کھیلی گئیں ۔سکول گیمز فیڈریشن آف اِنڈیا (ایس جی ایف آئی) کے زیر اہتمام محکمہ امورنوجوان و کھیل کود محکمہ جموںوکشمیر کے اِشتراک سے منعقد ہوئے ان کھیلوں میں ملک بھر کی 44 ریاستیں اور یوٹیز اور تنظیم کی ٹیموںسے تعلق رکھنے والے کُل 4000 کھلاڑیوں اور آفیشلزنے حصہ لیا۔وزیر ستیش شرما نے حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز اور منتظمین کے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایک ماہ تک جاری رہنے والے کھیلوں کے دوران اِستقامت،ثابت قدمی، کھیل کے جذبے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے اور اِس کے احسن اور کامیاب اِختتام میں تعاون کرنے پر اُن کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے کھیلوں کے حقیقی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے اور اِس بات کو یقینی بنایا کہ کسی بھی فرد یا گروہ کو کھیلوں پر سیاست کرنے کی اِجازت نہیں دی جائے گی۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ صرف مستحق کھلاڑیوں کی مدد کی جائے گی اور جنہوں نے ذاتی مفاد کے لئے کھیل اِداروں کا غلط اِستعمال کیا ہے اُن کو باہر کا راستہ دِکھایا جائے گا۔ وزیر کھیل نے زور دے کر کہا کہ کھیلوں کو صرف کھلاڑیوں کا ڈومین ہونا چاہئے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے صرف کھلاڑیوں کو کھیل انجمنوں اور تنظیموں کو چلانا چاہیے۔ اِس طرح جموں و کشمیر کو ہندوستان کے کھیلوں کے نقشے پر جگہ بناتے ہوئے اور اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو قومی منظر نامے پر کامیاب ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔اُنہوں نے اِس طرح کے کھیل مقابلوں کی کامیابی میں اہم کردار اَدا کرنے والے نوجوان کھلاڑیوںکا سپورٹ اور حوصلہ افزائی کے لئے والدین، کوچوں اور کھیلوں کے اَساتذہ کا شکریہ اَدا کرتے ہوئے کھیلوں کے وسیع تر فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی طرح سے اَفراد کی تشکیل ، نوجوانوں کو مصروف رکھنے اور اُنہیں زیادہ موبائل کے اِستعمال اور بیٹھے رہنے والے طرز ِزندگی کے منفی اَثرات سے دور رکھنے کے لئے ضروری ہے۔اِس موقعہ پر سیکرٹری محکمہ امورِ نوجوان و کھیل کودسرمد حفیظ نے خطاب کرتے ہوئے گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور قیادت، نظم و ضبط اور اِستقامت کی اَقدار کو فروغ دینے میں محکمہ کے رول پر زور دیا۔اُنہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس جموں و کشمیر کو جوڈو میں 68 ویں نیشنل سکول گیمز کی کامیاب اِنعقاد پر مُبارک باد پیش کی اور اِس اعتماد کا اِظہار کیا کہ بقیہ تین قومی چمپئن شپ بھی کامیابی سے منعقد کی جائیں گی۔اِختتامی تقریب کا آغاز ڈائریکٹر جنرل امور نوجوان و کھیل کود راجندر سنگھ تارا کے اِستقبالیہ خطاب سے ہوا۔ اُنہوں نے اِس طرح کی تقریبات کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے بلکہ بچوں کے مابین ثقافتی تبادلے ، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے بھی ہے ۔
راجندر سنگھ تارا نے تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کھیلوں کے دوران زائد اَز 4000 شرکا¿نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا ۔اُنہوںنے اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی پرداخت اور یونین ٹیریٹری کے ہر جگہ کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے جموں و کشمیر کے عزم پر زور دیا۔
تقریب میں مشہور ڈوگری گلوکارہ سونالی ڈوگرہ نے بھی شاندار پرفارمنس پیش کی جس سے سبھی لطف اندوز ہوئے۔
دریں اثنا، آج کھیلے گئے فائنل میچ میں جھارکھنڈ نے ہریانہ کو ایک گول سے شکست دے کر اَنڈر 17 گرلز فٹ بال چمپئن شپ کا چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ منی پور نے راجستھان کو تین گول کے مقابلے میں صفر سے شکست دی۔ جھارکھنڈ نے سونے کا تمغہ، ہریانہ نے چاندی کا تمغہ اور منی پور نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ جھارکھنڈ کی انوشکا کماری کو ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وزیر ستیش شرما نے دیگر معززین کے ساتھ گرلز اَنڈر 17 گرلز فٹ بال چمپئن شپ جیتنے والوں میں میڈل اور ٹرافیاں تقسیم کیں ۔