نئی دہلی: کانگریس نے عام آدمی پارٹی پر دہلی کو بدحال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے لیڈر منیش سسودیا نے ہار کے ڈر سے اپنی سیٹ بدل کر جنگ پورہ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا، لیکن انہیں یہاں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے سابق میئر اور کانگریس کے سینئر لیڈر فرہاد سوری نے منگل کو کہا کہ منیش سسودیا نے پٹپڑ گنج کے لوگوں سے دس سال تک جھوٹے وعدے کرکے علاقے کو بدحالی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ ان کا خیال تھا کہ سیٹیں بدلنے سے لوگ انہیں بھول جائیں گے، لیکن ایسا ہونے والا نہیں ہے۔ جنگ پورہ کے موجودہ ایم ایل اے نے بھی علاقے میں کوئی کام نہیں کیا۔ جنگ پورہ اسمبلی کی سڑکوں کی حالت خراب ہے اور کئی مقامات پر گٹر کا گندا پانی سڑک پر بہہ رہا ہے۔
مسٹر سوری نے کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت اپنی نشستوں سے بھاگ رہی ہے اور اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ آپ نشستیں بدل کر اپنی ناکامیوں اور ناکارہ پن کو چھپا نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر ہر روز صبح اٹھ کر جھوٹ بولنا شروع کر تے ہیں اور پورے دن اس جھوٹ کو الگ الگ لیڈر پھیلاتے ہیں لیکن دہلی کے لوگ سب کچھ سمجھتے ہیں۔ لوگ ان کے مکر و فریب کا شکار نہیں ہونے والے۔