سری نگر: جموں وکشمیرکے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے تبردار محلہ غوثیہ کالونی خانیار میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں مسجد شریف اور تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعے کی سہ پہر خانیار کے تبردارمحلہ غوثیہ کالونی میں اس وقت سنسنی کاماحول پھیل گیا جب مسجد شریف سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل تین مکانوں کولپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اورمقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں مسجد شریف اور تین مکان خاکستر ہوئے ہیں۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ تبردار محلہ خانیار میں تین بجے کے قریب مسجد شریف سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔انہوں نے کہاکہ ایک درجن کے قریب فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ۔ان کامزید کہنا تھا کہ پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔