نیوز ریڈرز ،نامہ نگاروں ،خبرمدیران اور ٹیکنیکل اراکین کو حوصلہ افزائی اسناد سے نوازا گیا
شوکت ساحل
سرینگر : آکاش وانی کے علاقائی شعبہ خبر کی جانب سے ہفتہ کو سرینگر میں ایک تقریب منعقد ہوئی ،جس دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں ریڈیو کی اہمیت وافادیت برقرار ہے ۔
آکاش وانی کے علاقائی شعبہ خبر نے اپنے عملے کے ارکان میں پیشہ ورانہ مہارت کی حوصلہ افزائی کرنے اور ان کی محنت اور لگن کو تسلیم کرتے ہوئے ہفتہ کو آکاش وانی سرینگر کے آڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب کے دوران جن اراکین کو حوصلہ افزائی کی اسناد سے نوازا گیا ، ان میں کیجول نیوز ایڈیٹرز، اردو، کشمیری، گوجری، پہاڑی اور بلتی زبانوں کے کیجول نیوز ریڈر زکے ساتھ مترجم، ضلعی نامہ نگار، ڈیٹا انٹری آپریٹرز اور کنٹریکچیول ا سٹاف شامل ہے۔
آکاش وانی سرینگر کے آڈیٹوریم میں منعقدہ اس تقریب میں وادی کشمیر کی نامور شخصیات نے شرکت کی ۔اسلامک نیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سابق وائس چانسلر ،ڈاکٹر مشتاق احمد صدیقی نے تقریب کی صدارت کی جبکہ سابق ناظم تعلیم کشمیر محمد رفیع نے مہمان ِ ذی وقار کی حیثیت سے اس تقریب میں شرکت کی ۔اس کے علاوہ کشمیر کے شعبہ صحافت کی سابق سینئر ایڈیٹر وماہر تعلیم ڈاکٹر مسلم جان ، سابق اسسٹنٹ دائریکٹر شیپ ہسبنڈری محمد معروف شاہ ، ڈی ڈی نیوز کے ناظم قاضی سلمان ، آل انڈیا ریڈ یو سرینگر کے سربراہ جی آر آخون اور ریجنل نیوز یونٹ آکاش وانی سرینگر کے سربراہ طارق احمد راتھرنے مہمان خصوصی کے بطور اس تقریب میں شرکت کی ۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوکہ آج ہم نے ڈیجیٹل دور میں قدم رکھا ہے ۔تاہم ریڈیو کی اپنی اہمیت وافادیت ہیں ۔اسلامک نیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سابق وائس چانسلر ،ڈاکٹر مشتاق احمد صدیقی نے صدارتی خطبہ میں کہا کہ خبر وں کی اشاعت اور ترسیل میں اگر اس وقت بھی کوئی مستند ادارہ ہے ،تو وہ ریڈیو کشمیر جسے آج آکاش وانی سرینگر کہا جاتا ہے ،ہی ہے ۔انہوںنے کہا ’ میں اپنے ذاتی تجربہ کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ ریڈ یو کشمیر سے نشر ہونے والی خبروں نے ہی اُنہیں سیاسی تجزیہ نگار بنا دیا ‘۔انہوں نے مزید کہا کہ خبروں میں سماجی، اقتصادی اور دنیا کے سیاسی ماحول کو نئی شکل دینے کی طاقت ہوتی ہے۔ آکاش وانی سری نگر کی خبروں کی فراہمی کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر صدیقی نے کہا کہ وہ شہربین اور آکاشوانی سری نگر کی شام کی خبروں کے اس حد تک عادی ہیں کہ امریکہ یا کینیڈا جیسے بیرونی ملک میں رہتے ہوئے بھی میں اسے ایپ کے ذریعے وقت پر سنتے ہیں۔
سابق ناظم تعلیم کشمیر محمد رفیع نے کہا ’ ٹیکنالوجی نے ترقی تو کی ہے ،لیکن وہ انسانی وسائل کا نعم البدل نہیں ہوسکتا اور نا ہی ہیومن ریسورس کی جگہ لے سکتی ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو وہ ادارہ ہے ،جو آج کے تیزرفتار اور فیک نیوز دور میں مستند خبریں لوگوں تک پہنچا رہا ہے ‘۔ان کا کہناتھا ’ آکاش وانی ریجنل نیوز یونٹس سے وابستہ سبھی افراد کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت تھی ،کیوں کہ حوصلہ افزائی سے ہی کام میں مزید نکھار لایا جاسکتا ہے ‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی عالمی سطح پر ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے، ہر شعبے میں داخل ہو چکی ہے لیکن آکاش وانی اور دوردرشن ہمارے معاشرے کے ثقافتی اثاثے ہونے کے ناطے اب بھی متعلقہ ہیں، اپنی وراثت کو آنے والی صدیوں تک برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کثرت اور شمولیت آکاش وانی اور دوردرشن کی خبروں کی ترسیل کے ستون بن گئے ہیں۔مصنف اور کالم نگارڈاکٹر محمد معروف شاہ نے کہا کہ آر این یو آکاش وانی سرینگر کی طرف سے آج منعقدہ یہ پروقار تقریب اس کے عملے کی صلاحیتوں کا اعتراف اور تعریف ہے جو اداروں میں برادری کی تعمیر کے لیے بہت اہم ہے۔
جوائنٹ ڈائریکٹر، پی آئی بی سری نگر اور ڈی ڈی نیوز کے سربراہ قاضی محمد سلمان نے اپنے خطاب میں کہا ’ آج کے ڈیجیٹل دور میں واحد آکاش وانی سرینگر واحد ایک ایسا ادارہ ہے ،جو فیک نیوز نہیں بلکہ مستند خبریں ہی عوام تک پہنچا تا ہے ۔‘ انہوں نے کہا کہ آکاش وانی سرینگر کے شعبہ خبر سے وابستہ ہر ایک رکن انتہائی ذمہ داری کیساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے ،اس لئے آج بھی لوگ یہ کہتے ہیں یہ خبر صحیح ہے ،کیوں کہ ریڈیو کشمیر سے نشر ہوئی ہے ‘۔انہوں نے مزید کہا’ میڈیا کی غیرجانبداری کو خبر بنانے اور پہنچانے کا بنیادی اصول ریڈیو اور دوردرشن کے آر ان یونٹس نے بغیر کسی سمجھوتہ کے برقرار رکھا ہے۔ ریڈیو اور دوردرشن کے نیوز یونٹس کے عملے کی خبر سازی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے قاضی سلمان نے کہا کہ ہر خبر سے پہلے خبروں کو زیادہ مستند اور متوازن بنانے کے لیے اس میں پیشہ ورانہ مہارت ہوتی ہے۔
سابق اسسٹنٹ پروفیسر، میڈیا ایجوکیشن ریسرچ سنٹر کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر مسلم جان نے کہا کہ یہ بہت حوصلہ افزا ہے کہ کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کے طلباءمختلف میڈیا اور دیگر نمایاں مقامات پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جو کہ قابل تعریف ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی آئی پی آر جموں و کشمیر احسن الحق چشتی نے کہا کہ یہ مقام یعنی آکاشوانی سری نگر کئی لحاظ سے تاریخی ہے اور خبروں کی ترسیل میں نظم و ضبط کا حامل رہا ہے، اس نے خبروں کی صداقت کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریڈیو اس ڈیجیٹل دنیا میں اب بھی متعلقہ ہے اور اس نے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔
آکاش وانی سرینگر کے پروگرام سربراہ جی آر آخون نے اپنے خطاب میں کہا ’ ریڈ یو کشمیر واحد وہ ادارہ ہے ،جس نے آج تک ایک بھی خبر کی تصحیح نہیں کی ،جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آکاش وانی سرینگر کاشعبہ خبر ذمہ دارانہ صحافت کا رول ادا کررہا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ جتنے بھی زمانے کی پیچ وخم آئے ،ریڈ یو کشمیر نے وقتاً فوقتاً اپنی انفرادیت اور مستند کردارکوبرقرار رکھا‘۔ان کا کہناتھا کہ آجکل کے اس ڈیجیٹل دور میں بھی ریڈیو کشمیر ہی واحد وہ ادارہ ہے ،جو مستنداور ذمہ دارانہ صحافت کا رول ادا کررہا ہے ‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ریجنل نیوز یونٹ آکاشوانی سرینگر کی اس پروقار تقریب کے انعقاد کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، جس سے عملے کی حقیقی معنوں میں حوصلہ افزائی ہوگی جو کہ علاقائی نیوز یونٹ کی شہ رگ ہے۔ان کا کہناتھا ’ پہلے ٹیلی ویژن کا دور آیا ،کہا گیا ریڈیو کی شناخت ختم ہوگئی ،پھر نجی نیوز چینلزکا دور آیا ،کہا گیا ریڈیو اب مر گیا ،اب ڈیجیٹل دور آگیا ،کہا گیا ریڈیو کی اب کوئی اہمیت نہیں رہی لیکن آج کے اس دور میں بھی ریڈیو کی اہمیت وافادیت اسی طرح برقرار ہے ،جس طرح دور قدیم میں تھا ۔‘
قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر اور ہیڈ آف نیوز آر این یو آکاشوانی سری نگر، طارق راتھر نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ آر این یو آکاشوانی سری نگر کی کامیابی اس کے سرشار پیشہ ور عملے کی مرہون منت ہے، جو خبروں کی ترسیل کے ہمارے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے روزانہ اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ طارق راتھر نے کہا کہ آکاشوانی آر این یو سری نگر نے 1948 سے مو¿ثر طریقے سے عوام تک بروقت اور درست خبریں پہنچانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے جو کہ اس کے عملے کی کوششوں سے ہی ممکن ہو سکا ہے۔
آکاشوانی سری نگر کے نیوز ایڈیٹر اشفاق احمد شاہ نے تقریب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سنیل کول، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، پی آئی بی سری نگر، شبیر احمد ڈار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، آر این یو ڈی ڈی کے سری نگر، شیخ مدثر امین، ایڈیٹر نیوز ڈی ڈی کے سری نگر، نصیر احمد راتھر، ایف پی او، سی بی سی، سری نگر اور افہام الاسلام، آئی اے، نے شرکت کی۔اس تقریب کے نظامت کے فرائض سید ایم مبشر رفائی نے انجام دیئے۔