سرینگر: اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے سرینگر شہر اور وادی کے دیگر علاقوں میں غیر معمولی بجلی کٹوتی پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ صارفین کو معقول بجلی سپلائی کےلئے اقدامات کئے جائیں۔
اپنے ایک بیان میں سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’حکومت صارفین کو مطلوبہ مقدار میں بجلی فراہم کرانے میں ناکام ثابت ہورہی ہے۔ سرینگر شہر اور وادی کے دیگر علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق متعلقہ محکمہ اپنے ہی جاری کردہ بجلی شیڈول کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ بار بار کی بجلی کٹوتی سے لوگوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ابھی سخت سردی کے ایام یا جلہ کلاں شروع بھی نہیں ہوا ہے کہ بجلی سپلائی کا یہ حال ہے۔ تصور کیا جاسکتا ہے کہ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں کیا صورتحال ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں بجلی سپلائی اور ڈیمانڈ میں سات سو میگا واٹ کا فرق ہے۔ اس لئے یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس فرق کو پاٹنے کےلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ صارفین کو مطلوبہ مقدار میں بجلی میسر ہو۔‘‘