نئی دہلی: اڈانی معاملےپر بحث کا مطالبہ کرنے والے اپوزیشن ارکان کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے آج لوک سبھا میں وقفہ سوالات نہیں ہوسکا اور ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کردی گئی۔
جب ایوان صبح 11 بجے جمع ہوا تو اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوالات شروع کرنے کا اعلان کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارون گوول کو سوال پوچھنے کے لیے بلایا۔ اس دوران اپوزیشن ارکان ایوان کے وسط میں جمع ہوگئے اور اڈانی کیس پر فوری بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔
شور شرابے کے درمیان ریلوے، اطلاعات و نشریات، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو نے جواب دیا۔ لیکن شور و غل بڑھ گیا۔
ا سپیکر نے اپوزیشن ارکان سے اپیل کی کہ وہ وقفہ سوالات جاری رہنے دیں۔ اس کے بعد ان کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اپوزیشن ایوان کو منصوبہ بندی کے مطابق چلنے نہیں دینا چاہتی۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔
یواین آئی