سری نگر: جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے حکام سے کہا ہے کہ مسافروں کی سہولیات اور محکمے کو نقصان سے بچانے کے لیے ایس آر ٹی سی گاڑیوں کو سری نگر میں چلنے کی اجازت دیں۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپویشن نے حکام پر زور دیا کہ وہ سری نگر کے حدود میں ایس آر ٹی سی بسوں کو چلنے کی اجازت دیں تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے۔
آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے آئی جی کشمیر کو ایک خط تحریر کیا جس میں درخواست کی گئی کہ متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ وہ ایس آر ٹی سی بسوں کو سری نگر کے حدود میں چلنے کی اجازت دیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ سال 2021سے یہ بسیں سری نگر حدود میں چل رہی تھیں لیکن اچانک انہیں شہر کے حدود میں آنے سے روکا گیاجس وجہ سے کارپوریشن کو لاکھوں کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
آر ٹی سی نے الزام لگایا ہے کہ 4 نومبر کو سری نگر میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر ایس آر ٹی سی کی بسوں کو سری نگر شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے شمالی کشمیر کی بسوں کو بمنہ بائی پاس اور جنوبی کشمیر کی بسوں کو پانتھ چوک پر روکا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف عام لوگوں کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ محکمے کو بھی ناقابل تلافی مالی نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ کارپویشن نے2 سو کروڑ روپیہ میں 655 گاڑیاں جن میں بسیں اور ٹرکیں شامل ہیں کو خریدا جن میں سے 125بسوں کو کشمیر صوبے کے لئے مختص رکھا گیا۔
ان کے مطابق ان بسوں کے ذریعے مسافروں کو نہ صرف وقت مقررہ کے اندرا ندر منزل مقصود تک پہنچایا جاتا ہے بلکہ لوگوں کو بھی سفر کرنے میں آسانی ہوئی۔
خط میں مزید لکھا گیا کہ4نومبر 2024جب سری نگر میں اسمبلی اجلاس شروع ہوا تب سے ان بسوں کو سری نگر کے حدود میں آنے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ جنوبی کشمیر سے آنے والی بسوں کو پانتھ چوک میں اور شمالی کشمیر کی بسوں کو بمنہ بائی پاس پر روکا جارہا ہے جس وجہ سے مسافروں، ملازمین اور طلبا کو شدید ترین مشکلات کاسامنا کرناپڑ رہا ہے۔
خط کے متن میں لکھا گیا کہ ان بسوں کے ذریعے کارپوریشن کو یومیہ آٹھ لاکھ روپیہ کی آمدنی ہوتی تاہم جب سے گاڑیوں کو سری نگر کے داخلی راستوں پر روکا گیا تب سے محکمہ کو یومیہ چار لاکھ روپیہ کا نقصان ہو رہا ہے۔
آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے آئی جی کشمیر سے مودبانہ اپیل کی ہے کہ مسافروں کی مانگ اور محکمہ کے نقصان کو دیکھتے ہوئے یس آر ٹی سی بسوں کو سری نگر حدود میں آنے کی اجازت دی جائے تاکہ عام لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔