نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے نائجیریا، برازیل اور گیانا کے اپنے پانچ روزہ دورے کے دوران 31 عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی ذرائع کے مطابق اپنے تین ملکوں کے غیر ملکی دورے کے دوران مسٹر مودی نے 31 دو طرفہ ملاقاتوں اور عالمی لیڈروں کے ساتھ غیر رسمی بات چیت میں حصہ لیا انہوں نے نائیجیریا میں ایک دو طرفہ میٹنگ کی، برازیل میں جی-20 سربراہی اجلاس کے موقع پر 10 دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ اس کے بعد گیانا کے دورے کے دوران انہوں نے 9 دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔
نائیجیریا میں مسٹر مودی نے نائیجیریا کے صدر کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ برازیل میں مسٹر مودی نے برازیل، انڈونیشیا، پرتگال، اٹلی، ناروے، فرانس، برطانیہ، چلی، ارجنٹینا اور آسٹریلیا کے لیڈروں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔
برازیل میں 10 دو طرفہ میٹنگوں میں سے مسٹر مودی کی پانچ لیڈروں کے ساتھ پہلی میٹنگ ہوئی۔ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو، پرتگالی وزیر اعظم لوئس مونٹی نیگرو، برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر، چلی کے صدر گیبریل بورک اور ارجنٹائن کے صدر جیویر میلی کے علاوہ مسٹر مودی نے سنگاپور، جنوبی کوریا، مصر، امریکہ اور اسپین اور یوروپی یونین کے صدر ارسول وان ڈیر لیئن جیسے مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور حکام کے ساتھ غیر رسمی بات چیت اور میٹنگ کی جن میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس ، ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے سربراہ نگوجی اوکونزو ایویلا ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ ٹیڈروس ایڈنوم گھبریسس اور آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا اور گیتا گوپی ناتھ شامل ہیں۔
گیانا میں مسٹر مودی نے گیانا، ڈومینیکا، بہاماس، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، سورینام، باربڈوس، اینٹیگوا اور باربوڈا، گرینیڈا اور سینٹ لوشیا کے لیڈروں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔
یو این آئی