بدھ, دسمبر ۴, ۲۰۲۴
4.5 C
Srinagar

آسٹریلیائی گیند بازوں نے ہندوستان کو 150 رن پر ڈھیر کیا

پرتھ،: آسٹریلیا نے جوش ہیزل ووڈ (چار وکٹ) سمیت دیگر گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت جمعہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی اننگز کو 150 کے اسکور پر سمیٹ دیا۔

لنچ کے بعد، رشبھ پنت اور دھرو جورل نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور میں ابھی 12 رنز کا اضافہ کیا تھا کہ مچل مارش نے دھرو جورل (10) کو مارسن لیبوشگن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد 32ویں اوور میں واشنگٹن سندر (چار) کو بھی مچل مارش نے اپنا شکار بنایا۔

ایک وقت ہندوستان نے 73 رنز پر چھ وکٹ گنوا دیے تھے۔ ایسے بحران میں بلے بازی کے لیے آئے نتیش کمار ریڈی نے رشبھ پنت کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت ہوئی۔ پیٹ کمنز نے 46ویں اوور میں رشبھ پنت (37) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد ہرشیت رانا (سات) اور کپتان جسپریت بمراہ (آٹھ) کو جوش ہیزل ووڈ نے اپنا شکار بنایا۔

ہندوستان کی دسویں وکٹ نتیش کمار ریڈی کے طور پر گری، انہوں نے ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 41 رن بنائے۔ پوری ہندوستانی ٹیم 49.4 اوور میں 150 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔

اس سے قبل ہندوستانی کپتان جسپریت بمراہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والی ہندوستانی ٹیم کی شروعات بہت خراب رہی؛ اس نے تیسرے اوور میں ہی اوپنر یشسوی جیسوال (0) کا وکٹ گنوا دیا۔ جیسوال کو مچل اسٹارک نے نیتھن میک سوینی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔

اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے دیو دت پڈیکل کو کے ایل راہل کے ساتھ جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ 11ویں اوور میں جوش ہیزل ووڈ نے دیودت پڈیکل (0) کو پویلین بھیجا۔ پیڈیکل نے 24 گیندیں کھیلی اور اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ وراٹ کوہلی (پانچ) بھی جوش ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔ لنچ سے قبل مچل اسٹارک نے 23ویں اوور میں کے ایل راہل (26) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا تھا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور مچل مارش نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

یواین آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img