جموں2:جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایگزٹ پول کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ ماضی قریب میں جتنے بھی ایگزٹ پول سروے کئے گئے وہ صحیح ثابت نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا:’مجھے یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ میڈیا ادارے ایگزٹ پول کمپنیوں پر پیسے کیوں لٹا رہے ہیں۔‘
ان باتوں کا اظہار وزیر اعلیٰ نے پونچھ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ پونچھ آنے کا مقصد یہاں پر تعمیر وترقی کے حوالے سے آفیسروں کو جوابدہ بنانا مقصود تھا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پونچھ میں میٹنگ کے دوران عوام کے چنے ہوئے نمائندوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل ابھارے۔عمر عبداللہ نے کہاکہ سینئر آفیسران سے بات چیت کے دوران کئی معاملات کو موقع پر ہی حل کیا گیا۔ان کے مطابق لوگوں کی چنی ہوئی حکومت کا یہ فرض بنتا ہے کہ عوام الناس سے قریبی تال میل کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دن بھر پونچھ میں 24عوامی ڈیلی گیشن سے ملاقات کے دوران مسائل کو حل کرنے کی یقینی دہانی کرائی گئی۔
ایگزٹ پول سروے میں مہاراشٹریہ اور جارکھنڈ میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیرا علیٰ نے کہاکہ جموں وکشمیر اور ہریانہ میں جو ایگزٹ پول کئے گئے وہ غلط ثابت ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ایگزٹ پول سروے ماضی میں بھی حقیقت کا روپ نہ دھار سکے لہذاان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ، سنیچر کو ووٹوں کی گنتی کے بعد ہی سب کچھ عیاں ہوگا۔وزیرا علیٰ عمر عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھ یہ سمجھ ہی نہیں آرہا کہ میڈیا ادارے ایگزٹ پول کمپنیوں پر آنکھ بند کرکے اعتماد کیوں کر رہے ہیں۔