سری نگر:پائین شہر کے گر پورہ رعناواری میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں نصف درجن کے قریب رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پیر کی سہ پہر پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے گر پورہ رعناواری میں رہائشی شیڈ سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل کئی رہائشی مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں نصف درجن کے قریب رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
عین شاہدین کے مطابق جوں ہی رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی تو دیکھتے ہی دیکھتے کئی گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے جس وجہ سے آگ نے اپنے متصل چھ مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاءراکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی جبکہ کئی کنبے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر اب مجبور ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی ارد وکو بتایا کہ رعناواری کے گر پورہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں کئی رہائشی شیڈ خاکستر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ فی الحال فائر عملہ آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہے ۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔