جموں: سی پی آئی (ایم) کے کارکنوں نے پیر کو یہاں در بار مو کی بحالی کے لئے احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ ’ہماری زمین ہمارا حق‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایا: ’جموں وکشمیر چونکہ تین خطوں پر مشتمل ریاست تھی لہذا یہاں در بار مو کی روایت قائم تھی تاکہ ایک خطے کے لوگ دوسرے خطے کے لوگوں کی زبان اور ان کے کلچر کو سمجھ سکیں‘۔
انہوں نے کہا: ’لیکن اس روایت کو ختم کر دیا گیا جس سے دونوں خطوں کے تاجروں کو نقصان ہوا‘۔
ان کا کہنا تھا: ’مہاراجہ ہری سنگھ جی نے یہاں کے لوگوں کو زمین اور نوکریوں کا تحفظ دیا تھا تاکہ باہر کے لوگ یہاں زمین نہ خرید سکیں اور نہ نوکریاں کر سکیں‘۔
موصوف احتجاجی نے مطالبہ کیا کہ دربار مو اور ریاستی درجے کو جلد بحال کیا جائے۔
ایک اور احتجاجی نے کہا: ’جموں وکشمیر میں دس برسوں کے بعد چنائو ہوئے ہیں یہاں اسمبلی میں نوکریوں، زمین کے تحفظ پر بات ہونی چاہئے جبکہ اس کے بر عکس بی جے پی وہاں اپنی بات کرتےہیں‘ـ
یو این آئی