سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ سوپور کےساگی پورہ علاقے میں گذشتہ شب سے جاری ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران دو عدم شناخت ملی ٹنٹ مارے گئے کشمیر زون پولیس نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ’سوپور میں انکائونٹر کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے‘ انہوں نے کہا: ’مہلوک دہشت گردوں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کیا جا رہی ہے‘ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ان کی تحویل سے اسلہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔قبل ازیں پولیس نے جمعرات کی رات دیر گئے بتایا کہ بارہمولہ کے پانی پورہ سوپور میں ملی ٹنٹوں کے چھپے رہنے کے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے میں ملی ٹنٹ مخالف آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے رات کو اندھیرے کے پیش نظر آپریشن کو معطل کر دیا تاہم تمام راستوں کو مسدود کر دیا تاکہ پھنسے ہوئے ملی ٹنٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کی صبح طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ دوبارہ شروع ہوا۔بتادیں کہ یہ شمالی کشمیر میں رواں ہفتے کے دوران ہونے والا تیسرا انکائونٹر ہے۔قبل ازیں کپوارہ اور بانڈی پورہ میں ہونے والے دو الگ الگ انکائونٹرز میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے۔