سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کشتواڑ میں ملی ٹنٹوں کے ہاتھوں دو ولیج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔بتادیں کہ کتاڑ کے دورافتادہ علاقے منجولہ میں جمعرات کی شب ملی ٹنٹوں نے مبینہ طورپر دو ولیج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا ۔وزیر اعلیٰ نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا: ’کشتواڑ کے کنٹواڑہ میں مقامی گائوں کی دفاعی کمیٹی کے کلدیپ کمار اور نذیر احمد پڈر پر ہونے والے حملے جس سے ان کی موت واقع ہوئی، سے گہرا دکھ اور تشویش ہوئی‘۔انہوں نے کہا: ’دہشت گردوں نے دو بے گناہ افراد کو قتل کر دیا جو اپنے مویشی چرانے گئے تھے‘۔ان کا کہنا تھا: ’میں اس حملے کی واضح الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور متوفین کےاہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں‘۔
عمر عبداللہ نے کہا: ’اس کے ساتھ ہی میں توقع کرتا ہوں کہ سیکورٹی فورسز ہمارے انسداد دہشت گردی کے گرڈ میں کسی بھی خلا کو دور کرنے کے لیے تیزی سے آگے بڑھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس طرح کے حملے مکمل طور پر بند ہوں‘۔
دریں اثنا پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اور پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے بھی اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔پی ڈی پی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا: ’پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے کشتواڑ میں گاؤں کے دفاعی محافظوں نذیر احمد اور کلدیپ کمار کے وحشیانہ قتل کی مذمت کی ہے‘۔انہوں نے کہا: ’موصوفہ نے غم کی اس گھڑی میں متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے‘۔سجاد لون نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا: ’کشتواڑ میں دو ولیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جیز) کے المناک نقصان پر گہرا دکھ ہوا جنہیں بے دردی سے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا‘۔انہوں نے کہا: ’میں ان کے اہل خانہ اور دیگر احباب سے دلی تعزیت کرتا ہوں‘۔
یو این آئی