بارہمولہ: منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں چار منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے لاکھوں روپیے مالیت کا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کریری کی ایک پولیس پارٹی نے وزیر کراسنگ پر ایک ناکے کے دوران ایک موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبر JK16- 1407 کو روکا جس پر تنویر احمد ڈار ولد خضر محمد ڈار اور مصیب احمد ڈار ولد منظور احمد ڈار ساکنان ہادی پورہ بارہمولہ نامی دو افراد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 1.47 کلو خشک بھنگ اور ایک ہزار روپیہ نقدی بر آمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق دونوں کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا اور موٹر سائیکل کو بھی ضبط کیا گیا۔
اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن کریری کی ایک ٹیم نے چک تاپر علاقے میں ایک ناکے پر ایک شخص کو روکا اور تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے3 کلو پوست کا بھوسہ جیسا مواد بر آمد کیا جس کے بعد اس شخص کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے گرفتار شدہ شخص کی شناخت عبدالرشید خان ولد محمد خان ساکن کریری کے طور پر کی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ علاوہ ازیں پولیس چوکی میر گنڈ کی ایک ٹیم نے چینہ بل علاقے میں جھیل کے نزدیک ایک شخص کو روکا اور تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے1.88 کلو چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا جس کے بعد اس شخص کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ کی شناخت عابد حسین صوفی ولد غلام حسین صوفی ساکن یکھمن پورہ پٹن کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن کریری اور پولیس اسٹیشن پٹن میں مقدمے درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
یو این آئی ایم اف