سری نگر:اسمبلی میں شور شرابے اور ہنگامہ آرائی کے بیچ سپیکر عبدالرحیم راتھر نے خصوصاً پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ممبران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر رولنگ کی خلاف ورز ی کا سلسلہ جاری رکھا گیا تو سخت کارروائی عمل میں لانے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق شور شرابے اور ہنگامہ آرائی کے بعد جوں ہی اسمبلی اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو سپیکر عبدالرحیم راتھر نے ممبران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ایوان کا تقدس بحال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں حکومت اور اپوزیشن میں شامل سبھی ممبران کا سپیکر ہوں لیکن اگر کوئی بار بار ایوان کی کارروائی میں رخنہ ڈالے گا تو اس کے خلاف اسمبلی رولنگ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا :’میں ممبران کو یقین دلاتا ہوں کہ اسمبلی میں غیر جانبدارانہ طریقے سے کام ہوگا اور ہر کسی کو اپنی بات سامنے رکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ‘
انہوں نے کہاکہ اسمبلی رولنگ کے مطابق بار بار اسمبلی کی کارروائی میں رخنہ ڈالنے والے ممبر کو نہ صرف باہر کیا جاسکتا ہے بلکہ اس کی رکنیت تک بھی معطل کی جاسکتی ہے ۔
سپیکر عبدالرحیم راتھر نے سبھی ممبران سے گزارش کی کہ وہ ایوان کا تقدس بحال رکھیں تاکہ لوگوں کے مسائل کو مل جل کر حل کیا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ ممبران کو لوگوں نے یہاں تک پہنچایا ہے لہذا ہمیں لوگوں کے جذبات و احساسات کی قدر کرنی چاہئے۔