غزہ: وسطی غزہ کی پٹی میں نصرت پناہ گزین کیمپ میں دو مکانات پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 16 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ یہ اطلاع ژنہوا نے فلسطینی ذرائع کے حوالے سے دی۔
ژنہوا سے بات کرتے ہوئے، مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ شہری دفاع اور طبی ٹیمیں ہلاک اور زخمیوں کو بچانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچیں اور انہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
کیمپ میں العودة اسپتال نے ایک پریس بیان میں کہا کہ انہیں 16 لاشیں ملی ہیں جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی حالت میں ہیں، جن میں ایک ڈاکٹر اور دو صحافی شامل ہیں۔ تاہم اسرائیلی فوج نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے اسرائیلی فوج نے اکتوبر 2023 سے لے کر اب تک طبی عملے کے 178 ارکان کو قتل کیا ہے۔ جن میں ڈاکٹر، نرسیں اور ایمبولنس کا عملہ شامل ہے۔ جبکہ طبی عملے کے 279 ارکان کو زخمی کیا ہے۔
غزہ میں قائم صحت کے حکام نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں سے 43,204 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں۔